14 جنوری 2015
وقت اشاعت: 15:24
سعید اجمل نے نجی طور پر بولنگ ایکشن ٹیسٹ کرایا تو کلیئر نکلا
جیو نیوز - ایجبسٹن........آئی سی سی کی جانب سے غیرقانونی بولنگ ایکشن کی وجہ سے معطلی کا شکار آف اسپنر سعید اجمل نے نجی طور پر انگلینڈ میں اپنا ایکشن ٹیسٹ کرا لیا، دوسرا سمیت تمام ڈلیوریز قانونی قرار پائیں۔ سعید اجمل گزشتہ ہفتے نجی دورے پر انگلینڈ گئے، جہاں انہوں نے ایجبسٹن میں اپنابولنگ ایکشن ٹیسٹ کرایا، یہ بائیو مکینک لیب آئی سی سی کی منظور شدہ لیب تو نہیں تھی لیکن سعید اجمل کا مقصد باضابطہ ٹیسٹ سے قبل اندازہ لگانا تھا کہ ان کا ایکشن قانونی دائرے میں ہے یا نہیں، ٹیسٹ میں دوسرا سمیت تمام گیندیں 15 ڈگری کے اندر رہیں۔ سعید اجمل نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے اپنے طور پر ٹیسٹ کرایا اور نتیجہ حوصلہ افزا آیا ہے، باضابطہ ٹیسٹ میں بھی خوش خبری ملے گی۔ اس سے قبل لف برا میں آئی سی سی کی منظور شدہ لیبارٹری میں پی سی بی نے سعید اجمل کے دو مرتبہ غیر سرکاری ٹیسٹ کرائے تھے جس میں سعید اجمل ناکام ہوئے تھے۔ سعید اجمل کا باضابطہ ٹیسٹ 24 جنوری کو چنئی میں ہو گا۔