5 فروری 2015
وقت اشاعت: 15:21
ورلڈ کپ میں شمولیت، راحت علی کے گھر پر رشتے دار جمع، بھنگڑے ڈالے
جیو نیوز - ملتان.........ورلڈ کپ اسکواڈ میں شمولیت کے اعلان کے بعد ملتان میں راحت علی کے گھر پر رشتے دار، دوست اور اہل محلہ جمع ہوگئے۔ بھنگڑے ڈالے گئے۔ مٹھائی بانٹی، ان کے والد اور بھائی پر امید ہیں کہ ان کی شمولیت سے پاکستان ٹیم کا پیس اٹیک مضبوط ہوگا۔ ملتان کے علاقے شالیمار میں مقیم راحت علی نے حال ہی میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سریز میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ورلڈ کپ کے لئے اسکواڈ میں ان کا نام آنے پر راحت علی کے والد لیاقت علی بے حد خوش تھے۔ اسکواڈ میں شمولیت کی خبر کے بعد پر راحت علی کے گھر پر ان کے رشتے داروں، عزیز و اقارب اور دوستوں کا تانتا بندھ گیا۔ ان کے گھر پر دوستوں اور رشتے داروں نے بھنگڑے ڈالے، خوشی منائی اور مٹھائی بھی تقسیم کی۔ اس موقع پر ان کے بھائی کا کہنا تھا کہ راحت علی کی سلیکشن میرٹ پر ہوئی، امید ہے کہ وہ میگا ایونٹ میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔