7 فروری 2015
وقت اشاعت: 13:15
سعید اجمل کو ورلڈ کپ ٹیم میں لازمی شامل کیا جائے ، محمد یوسف
جیو نیوز - لاہور......پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے سعید اجمل کو ورلڈ کپ میں کھیلنے کو لازمی قرار دے دیا ہے ،ساتھ ہی تجربہ کار کھلاڑیوں کو خبردار بھی کر دیا ہے کہ پاکستان کی ضرورت کے مطابق کھیلیں،ہارنےپر ذمہ داروں سے پوچھا جائےگا،لاہور میں ڈرائیونگ سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں محمد یوسف کا کہنا تھا کہ سعید اجمل جیسے بہترین بولر بہت کم ہوتے ہیں،ٹیم میں اُن کی کمی کا شدت سے احساس ہورہا ہے،ورلڈ کپ کے لیے سعید اجمل کو ضرور جانا چاہئے۔محمد یوسف کا کہنا تھا کہ ٹیم میں شاہد آفریدی،یونس اور مصباح جیسے تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں،انھیں اپنی ذمے داری نبھانا ہوگی، محمد یوسف نے شاہد آفریدی کو خبردار کیا کہ وہ اپنی مرضی سے کھیلنا چھوڑ دیں۔محمد یوسف نے پاکستانی ٹیم کا رینکنگ میں ساتویں نمبر پر آنے پر افسوس کا اظہار کیا، کہا کہ اگر ورلڈ کپ میں ہارے تو ٹیم کو بیک کرنا ہے لیکن جو ذمے دار ہیں ان سے ضرور پوچھا جائے گا۔