تازہ ترین سرخیاں
 کھیل 
7 مارچ 2015
وقت اشاعت: 23:58

ریڈ بل ایکس فائٹرز کے ورلڈ ٹور کا شاندار آغاز

جیو نیوز - میکسیکو سٹی.........میکسیکو سٹی میں ریڈ بل ایکس فائٹرز کے ورلڈ ٹور کا شاندار آغاز ہوگیا۔ دنیا بھر سے موٹر سائیکلنگ اسٹنٹ مین پہنچ گئے، پہلا راؤنڈ آسٹریلوی بائیکر کلنٹن مور کے نام رہا۔ میکسیکو کے دارالحکومت میکسیکو سٹی میں ریڈ بل ایکس فائٹرز 2015کے ورلڈ ٹور کا شاندار آغاز ہوگیا۔ اس ایونٹ کیلئے دنیا بھر سے ماہر اور ٹاپ فری اسٹائل موٹر کراس رائیڈرز یہاں پہنچے ہیں۔ ہلکے وزن کی حامل موٹر سائیکلوں کی مدد سے اونچی نیچی ڈھلوانوں اور رکاوٹوں کے درمیان کرتب بازی کا مظاہرہ کرنے کیلئے بہترین صلاحیتوں کے حامل موٹر سائیکلنگ اسٹنٹ مین 38ہزار حاضرین کی موجودگی میں آج پلازا ڈی ٹوروس کے میدان میں اُتر ے۔ ایکس فائٹرز ورلڈ ٹور کے پہلے مرحلے میں امریکا، فرانس، نیوزی لینڈ، میکسیکو، اسپین، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، چلی اور سوئزرلینڈ سے رائیڈرز نے حصہ لیا، جو موٹر سائیکلوں کے ذریعے 15میٹر اونچی اور 30میٹر لمبی چھلانگیں لگاتے اور مختلف اسٹنٹس کا شاندار مظاہرہ پیش کرتے نظر آئے۔ کوالیفائنگ راؤنڈ کے بعد آج مکمل ہونے والا پہلا مرحلہ آسٹریلوی بائیکر کلنٹن مور کے نام رہا، جنہوں نے پہلی بار جیت اپنے نام کی جبکہ نیوزی لینڈ کے لیوی شیر ووڈ دوسرے اور فرانس کے ٹام پیجز تیسرے نمبر پر رہے۔ واضح رہے کہ پانچ مرحلوں پر مشتمل ایکس فائٹرز ورلڈ ٹور کے اگلے راؤنڈز ایتھنز روم، میڈرڈ اسپین، پریٹوریا جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات میں منعقد کیے جائینگے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.