15 مارچ 2015
وقت اشاعت: 5:44
شاہینوں کو کوارٹر فائنل میں جانا ہے یا نہیں، فیصلہ آج ہوگا
جیو نیوز - ایڈ یلیڈ......ورلڈ کپ کرکٹ میں پاکستان اور آئر لینڈ کی ٹیمیں پول بی کا آخری میچ کھیل رہی ہے جو ٹیم جیتے گی کوارٹر فائنل میں جائے گی ہارنے والی ٹیم گھر لوٹ جائے گی۔ آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں کوارٹر فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے پول بی کے میچ میں آئر ش کپتان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔کپتان پورٹ فیلڈ نے اچھی بیٹنگ کی البتہ دوسرے اینڈ سے وقفے وقفے سے وکٹ گرتی رہیں ۔آئرلینڈ کی تین وکٹیں گر گئیں۔پورٹر فیلڈ نے نصف سنچری مکمل کر لی ہے۔ اب سے کچھ دیر قبل آئرلینڈ نے25اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر115رنز بنائے تھے۔کپتان پورٹرفیلڈ جارحانہ انداز میں بیٹنگ کر رہے ہیں اور 59 گیندوں میں چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 50 رنز سکور کیے ہیں۔پاکستان کو پہلی کامیابی احسان عادل نے دلوائی جب انھوں نے سٹرلنگ کوایل بی ڈبلیو کردیا۔ پاکستان کو دوسری وکٹ 56 کے مجموعی سکور پر اس وقت ملی جب جوائس کو وہاب ریاض نے آؤٹ کیا۔ جوائس نے 11 رنز سکور کیے۔آئرلینڈ کی کی تیسری وکٹ 86 کے مجموعی سکور پر گری جب نائل او برائن 12 رنز بنا کر راحت لی کی گیند پر عمر اکمل کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ محمد عرفان انجری کے باعث نہیں کھیل رہے اور ان کی جگہ احسان عادل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔احسان عادل اب تک اس عالمی کپ میں کوئی میچ نہیں کھیلے ہیں۔دوسری جانب یونس خان کو ڈراپ کر کے حارث سہیل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔پاکستان اور آئرلینڈ کی ٹیمیں ورلڈ کپ میں ایک اہم موڑ پر کھڑی ہیں کیونکہ آج کی شکست اس عالمی ایونٹ میں ان کا آخری دن ثابت ہو سکتی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان تیسرے جبکہ آئرلینڈ چوتھے نمبر پر ہے۔دونوں ٹیموں کے چھ چھ پوائنٹس ہیں تاہم نیٹ رن ریٹ میں پاکستان آئرلینڈ سے آگے ہے کواٹر فائنلز کے آغاز سے قبل پاکستان اور آئرلینڈ کی ٹیمیں آج اپنا چھٹا اور آخری میچ کھیل رہی ہیں۔