28 مارچ 2015
وقت اشاعت: 21:15
ورلڈ کپ فائنل: آج میلبورن میں آسٹریلیا کا نیوزی لینڈ سے ٹکراؤ ہوگا
جیو نیوز - میلبورن.........آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ ٹورنامنٹ آج اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے۔ میگا ایونٹ کا فائنل آج آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جارہا ہے۔ آج پوری دنیا کو معلوم ہو جائے گاکون ہے نیا ورلڈ چیمپئن۔ میچ پاکستان وقت کے مطابق صبح 8:30بجے شروع ہوگا۔ اس سے پہلے دونوں ٹیموں کی ورلڈ کپ میں پرفارمنس عمدہ تھی، نیوزی لینڈ ورلڈ کپ میں ناقابل شکست رہی اور فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی، جبکہ آسٹریلیا کو ایک میچ میں شکست دینے والی واحد ٹیم کیویز ہی تھی۔ ورلڈ کپ کرکٹ کی تاریخ میں کینگروز نے اب تک سب سے زیادہ بار ورلڈ کپ جیتے ہیں، کل کا فائنل جیتنے کی صورت میں ان کی ورلڈ کپ ٹرافیوں کی تعداد 5ہو جائے گی، تاہم کیویز کا یہ تاریخی پہلا ورلڈ کپ فائنل ہے۔