تازہ ترین سرخیاں
 کھیل 
29 مارچ 2015
وقت اشاعت: 11:32

آسٹریلیا پانچویں بار کرکٹ کا عالمی چمپئن بن گیا

جیو نیوز - ملبورن.....آسٹریلیا نیوزی لینڈ کویک طرفہ مقابلے کے بعد7وکٹوں سے شکست دے کر پانچویں بار کرکٹ کا عالمی چمپئن بن گیا، فائنل میں نیوزی لینڈ نے184رنز کا آسان ہدف دیا جو آسٹریلیا نے صرف3 وکٹیں گنواکر حاصل کرلیا۔ ملبورن کرکٹ گرائونڈ پر کھیلےگئے فائنل میں کیوی کپتان مک کولم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، نیوزی لینڈ کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن انداز میں ہوا اور مک کولم بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوگئے،اس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں اور 150کے مجموعی اسکور پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔گپتل 15،ولیم سن 12، جبکہ اینڈرس اور رونچی نے بغیر کوئی رن بنائے پویلین کی راہ لی۔ویٹوری نے 9 رنز بنائے۔ ٹیلر اور ایلیٹ کے سوا کوئی کیوی بیٹسمین آسٹریلوی بالرز کو اعتماد سے نہ کھیل سکا،ٹیلر نے 40رنز بنائے جبکہ ایلیٹ نے 82گیندوں پر83رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔یوں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 45اوورز میں 183رنزپر ڈھیر ہوگئی۔جانسن اور فاکنر نے 3،3جبکہ اسٹارک نے 2اور میکسویل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ مطلوبہ ہدف کے حصول میں آسٹریلیا کی اننگز کا آغاز بھی اچھا نہ رہا اور2کے مجموعی اسکور پر ایرون فنچ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔وارنر اور اسمتھ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 61رنز جوڑے، اس موقع پر وارنر 45رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔اسمتھ اورکلارک نے پراعتماد انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا اور تیسری وکٹ کیلئے 112رنز بناکر ٹیم کی فتح کو یقینی بنادیا، کپتان کلارک 72گیندوں پر74رنز کی اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے۔اسمتھ نے ناقابل شکست56رنز بنائے۔یوں آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف صرف3وکٹوں کے نقصان پرپورا کرکے پانچویں بار عالمی چمپئن بننے کا اعزاز اپنے نام کرلیا، اس سے قبل آسٹریلیا نے1987، 1999،2003،2007اور2015 میں ورلڈکپ جیتا تھا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.