27 اپریل 2015
وقت اشاعت: 6:36
بنگلا دیش سے بدترین شکست کے بعد کوچنگ اسٹاف کا مستعفی ہونے پر غور
جیو نیوز - ڈھاکا.......بنگلا دیش سے بدترین شکست کے بعد کوچنگ اسٹاف نے مستعفی ہونے پر غور شروع کردیا ، بوم بوم آفریدی کا بھی ریٹائرمنٹ کا امکان ہے ، عمر گل اور سعید اجمل کے مستقبل پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ۔بنگلادیش کے خلاف پاکستان کی بدترین کارکردگی سے جہاں پی سی بی پر دباؤبڑھ گیا ہے ۔وہیں کوچنگ اسٹاف نے استعفیٰ کی مشروط پیش کش کر دی ہے جس سے کبھی ون ڈے سیریز نہیں ہارے،اس سے بھی ہار گئے،جس سے کبھی ٹی ٹوئنٹی نہیں ہارے،اس سے بھی بدترین شکست ہوئی۔بنگلا دیش کی تاریخی فتح اورپاکستانی ٹیم کی تاریخی شکست پر پی سی بی کی کارکردگی کی دھجیاں بکھر گئیں۔کرکٹ ناقدین کی تنقیداور بڑھتے دباو کے بعد کوچنگ اسٹاف نے استعفے کی مشروط پیش کش کردی۔ڈھاکا میں بدترین شکست کے بعد میٹنگ میں کوچ وقار یونس اور اسپن بولنگ کنسلٹنٹ مشتاق احمد نے کھلاڑیوں کے سامنے دکھڑے روئے،بولے،ہم کوچنگ میں آخرکیا غلطیاں کر رہے ہیں ،ہماری خامیاں ہمیں بتائی جائیں،اگر ہم اچھا نہیں کر رہے توگھر جانے کو تیار ہیں۔یہ ہی نہیں ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی نے بھی کرکٹ چھوڑنے کا اشارہ دے دیا،کہا وہ ٹیم پر بوجھ نہیں بنیں گے۔کارکردگی بہتر نہ ہوئی تو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے پہلے ریٹائرمنٹ لے لیں گے۔ادھرسعید اجمل سے گیند پہلے کی طرح نہیں گھوم رہی،سہیل تنویرکی بالنگ بھی بے اثر ہو گئی،عمر گل بھی بری طرح ناکام رہے۔ ایک سابق فاسٹ بولر کی کوچنگ میں ان تینوں بالرزکے مستقبل پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔وقار یونس کے دوسری مرتبہ کوچ بننے کے بعد پاکستان ٹیم مسلسل پانچ ون ڈے سیریز ہار چکی ہے۔پاکستانی کرکٹ کے شاید ہی کسی مداح نے بنگلا دیش کے ہاتھوں وائٹ واش کا سوچا ہو گا۔ٹی ٹوئنٹی میں شکست بھی "فری آفر" کی شکل میں جھولی میں آ گری۔ان نازک حالات میں کوچنگ اسٹاف کے لئے کھلاڑیوں کی خامیوں پرجلد از جلد قابو پانا ہی ٹیم کے حق میں بہتر ہو گا۔