8 اگست 2015
وقت اشاعت: 4:21
زمبابوے کرکٹ ٹیم لاہور پہنچ گئی، سخت سیکورٹی میں ہوٹل منتقل
جیو نیوز - لاہور.........پاکستان اور زمبابوے کے درمیان سیریز 3ون ڈے اور 2ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے زمبابوے کرکٹ ٹیم لاہور ایئر پورٹ پر پہنچ گئی ہے، جہاں ٹیم کا لاہور ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا گیا ہے۔ صوبائی وزراء اور پی سی بی حکام نے پرتپاک استقبال کیا اور زمبابوے ٹیم کو گلدستے پیش کیے۔ ٹیم کی آمد پر لاہور بھر میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ زمبابوے کرکٹ ٹیم کو ایئرپورٹ سے ہوٹل تک سخت سیکورٹی پروٹوکول میں پہنچا دیا گیا ہے۔ 6سال کے ایک طویل عرصے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ بحال ہونے کو ہے۔ ٹیم کی آمد کے موقع پر ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کا کہنا تھا کہ زمبابوے کی مہمان ٹیم کو بھرپور سیکیورٹی دی جائے گی، پاکستان کے عوام کو اچھی سیریز دیکھنے کو ملے گی اور سیکیورٹی پر پولیس کے ساتھ رینجرز اہلکار بھی تعینات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی جانب سے بھی مدد کی پیشکش کی گئی ہے، جس پر پاک فوج کے شکر گزار ہیں اور امید ہے دیگر ممالک کی کرکٹ ٹیمیں بھی پاکستان ضرور آئیں گی۔ چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سبحان احمد کا کہنا ہے کہ وہ انتظامات سے مطمئن ہیں اور بھرپور سیکیورٹی فراہم کرنے پر حکومت پنجاب کے شکر گزار بھی ہیں۔ زمبابوے ٹیم کی آمد پر بہت خوش ہیں، دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط ہونگے، تعاون پر زمبابوے حکومت کے شکر گزار ہیں، زمبابوے ٹیم کا دورہ دوسری ٹیموں کے دورے کے لیے معاون ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دورے سے ہمارے ملک کے بارے میں تاثر تبدیل ہوگا، پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششیں رنگ لائیں ہیں، دورہ زمبابوے سے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔ دوسری جانب چیف ٹریفک آفیسر لاہور طیب حفیظ چیمہ کا کہنا ہے کہ زمبابوے ٹیم کے دورے کے دوران 1300ٹریفک وارڈن فرائض انجام دیں گے۔ مہمان ٹیم کے لیے 3روٹس بھی ترتیب دے دیئے ہیں۔ لاہور میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیف ٹریفک آفیسر طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ زمبابوے ٹیم کے دورے کے دوران ٹریفک وارڈن 2شفٹوں میں کام کریں گے، مہمان ٹیم کے 3روٹس مقرر کیے گئے ہیں، جنہیں سیکورٹی وجوہات کے باعث ڈسکلوز نہیں کرسکتے۔ سی ٹی او طیب حفیظ چیمہ کا کہنا تھا کہ دنیا کے سامنے پاکستان کا سافٹ امیج پیش کریں گے، انہوں نے کہا ٹریفک وارڈن گرمی میں شہریوں کے ساتھ نرمی سے پیش آئیں، عوام کو بھی چاہیے کہ ٹریفک پلان پر عمل کریں، ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی اسٹیڈیم روانگی اور واپسی پر عام ٹریفک چند منٹ کے لیے روک دی جائے گی۔ زمبابوے کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان میں2 ٹی20میچز جو 22اور 24مئی کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جبکہ 3ون ڈے میچز 26، 29 اور 31مئی کو قذافی اسٹیڈیم میں ہی کھیلے جائیں گے۔ پاک زمبابوے کرکٹ میلے کے لیے قذافی اسٹیڈیم کو سجانےکی تیاریاں کرلی گئیں۔ اسٹیڈیم کی سیکیورٹی، ٹریفک پلان اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے بھی بھرپور انتظامات کرلیے گئے ہیں۔ میچز کی ٹکٹوں کی دھڑا دھڑ فروخت جاری ہے۔