23 اپریل 2016
وقت اشاعت: 17:7
ایشیا کپ :آج بھارت سے ٹاکرا ، پاکستان نے حکمت عملی تیارکرلی
جیو نیوز - ڈھاکا…پاکستان کے شاہینوں نے بولنگ کے زور سے بھارتی بیٹنگ کے توڑ کا پلان بنالیا ہے ، روایتی حریف بھرپور ٹاکرے کے لیے مستعد اور تیار ہیں ۔
بھارت سے مقابلے کے لیے پاکستان کی فائنل الیون منتخب کرلی گئی ہے، ذرائع کے مطابق اوپننگ میں شرجیل خان اور خرم منظور سے نئے تجربے کا امکان ہے ، حتمی ٹیم میں حفیظ ، شعیب ملک ، عمرا کمل ، آفریدی ، سرفراز احمد ، انور علی ،محمد عامر ، وہاب ریاض اور محمد عرفان شامل ہوسکتے ہیں ۔
بیشتر میچوں میں دیکھا گیا ہے کہ بھارتی ٹیم کی بیٹنگ شاندار جبکہ پاکستان کی بولنگ جاندار رہی ، بھارت جب بھی جیتا اپنی بیٹنگ کے بل پر جیتا اور پاکستان کو اکثر وبیشتر فتح اپنی بولنگ لائن کی بدولت ملی ، آج بھی اسی قسم کا سخت ٹاکرا متوقع ہے ۔بھارت کو سنچری مشین ویرات کوہلی کی خدمات حاصل ہیں تو پاکستان کے پاس محمد عامر جیسا غیر معمولی بولر موجود ہے۔
ادھر دھونی باکمال ہے ، تو ادھر وہاب لاجواب ، روہت شرما کی ٹون خطرناک ہے تو عرفان بھی بیٹسمینوں کے لیے وبال جان ہے ۔پاکستان ٹیم بھارتی بیٹنگ کا توڑ ، اپنی بولنگ کے زور سے نکالنے کو تیار ہے ، روایتی حریفوں کا ٹاکرا ہونے کو ہے ، آج پتالگ جائے گا کہ کس میں کتنا ہے دم ، بس کچھ انتظار اور فرمایئے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے کھیلا جائے گا۔ کرکٹ سے دلچسپی رکھنے والے پاکستانی شائقین نے اس اہم میچ میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ وہ مقابلے سے پوری طرح محظوظ ہوسکیں۔