27 اپریل 2016
وقت اشاعت: 15:5
آل پاکستان انٹر یونیورسٹی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ پشاور میں شروع
جیو نیوز - پشاور......آل پاکستان انٹر یونیورسٹی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ پشاور میں شروع ہوگئی ہے جس میں ملک بھرکی 42 یونیورسٹیوں کے کھلاڑی شرکت کررہے ہیں۔
قیوم اسپورٹس کمپلیکس میں شروع ہونے والے ایونٹ کاباقاعدہ افتتاح وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے کیا،ملک بھرسے 42یونیورسٹیوں کےسیکٹروں کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ کیا ، چیمپئن شپ میں مردوں کے 26 اور خواتین کے 21 ایونٹ ہوں گے، افتتاحی روز اٹھ سو میٹر دوڑ میں یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کے وقار یونس نے پہلی ، پنجاب یونیورسٹی کے عمر سعادت نے دوسری اور عصمت الله نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
منتظمین کاکہنا تھا کہ اس سال صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں میں اضافہ کردیا گیا ہے، خواتین کی چارسو میٹر دوڑ میں سرگودھا یونیورسٹی کی مسرت نے گولڈ ، اقراء یونیورسٹی کراچی کی الماس نے سلور جبکہ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی بسمہ نے برونز میڈلز حاصل کئے۔
شاٹ پٹ میں یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کے انتاش نے گولڈ ، پنجاب یونیورسٹی کے ہارون اور سیف الله نے سلور اور برونز میڈلز اپنے نام کئے۔آل پاکستان انٹر یونیورسٹی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب 3 مارچ کو ہوگی منتظمین کا کہنا تھا کہ اس قسم کے ایونٹ سے کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع ملتا ہے۔