تازہ ترین سرخیاں
 کھیل 
1 مئی 2016
وقت اشاعت: 6:56

ایشیا کپ ٹی20:پاکستان اپنا آخری میچ آج سری لنکا کیخلاف کھیلے گا

جیو نیوز -  میرپور......ایشیا کپ ٹی 20میں پاکستان اپنا آخری میچ آج سری لنکا کے خلاف کھیل رہا ہے، پاکستان اور سری لنکا دونوں پہلے ہی ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہیں، ان دونوں کے درمیان آج کا میچ محض رسمی کارروائی کے طور پر کھیلا جائے گا۔

سری لنکا ٹی ٹوئنٹی کا دفاعی چیمپئن ہے، دو سال قبل ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل پاکستان اورسری لنکا کے درمیان کھیلا گیا تھا۔

میچ شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے کھیلا جائے گا ۔ دونوں ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں دو دو پوائنٹس ہیں ۔ دونوں ٹیموں نے تین میچ کھیلے دو میں شکست اور ایک میچ میں کامیابی حاصل کی ۔

میچ میں جیت کا ٹورنامنٹ کے حوالے سے پاکستانی ٹیم کوئی فائدہ نہیں ہوگا تاہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے ٹیم کا مورال بلند ہوسکتا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس کا ٹیم کی ہار پر کہا ہے کہ تمام کھلاڑیوں کو دنیا کے بہترین کوچز مہیا کیے اور میچ کی منصوبہ بندی بہتر طریقے سے کی گئی لیکن گراؤنڈ میں جاکر کھلاڑی ان ہدایات پر عمل نہیں کرسکے۔

پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے مابین دنیا کی مختلف گراؤنڈز میں اب تک کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی میچز میں جیت کے حوالے سے پاکستانی ٹیم کا پلڑا بھاری رہا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 2007سے 2015تک14ٹی 20 انٹرنیشنل میچز ہوئے جس میں سے پاکستان نے 9جیتے اور 5میں شکست ہوئی۔ دونوں ٹیموں کے مابین سری لنکا کی سر زمین پر 6میچز ہوئے جس میں سے 4میں پاکستان کو فتح جبکہ2 میں شکست کا سامنا ہوا ۔

بنگلہ دیش کی سر زمین پر پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں نے کوئی ٹی ٹوئنٹی میچ نہیں کھیلا ۔ شاہد آفریدی سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز میں کامیاب کپتان رہے ۔ ان کی قیادت میں قومی ٹیم نے سری لنکا کے خلاف3 ٹی20میچز کھیلے اور تینوں میں فتح حاصل کی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.