6 مئی 2016
وقت اشاعت: 17:44
ایک بڑی کمپنی کا ماریا شیراپووا سے 7 کروڑ ڈالرز کا معاہدہ منقطع
جیو نیوز - ماسکو......ممنوعہ دوا کا استعمال ثابت ہونے کے بعد پانچ مرتبہ گرینڈ سلیم مقابلے جیتنے والی ٹینس کی سابق عالمی نمبر ایک روسی کھلاڑی ماریا شیراپووا پر ٹینس کے دروازے بند ہونے کو ہیں۔اس خبر کے آتے ہی کھیلوں کی مصنوعات بنانے والی ایک بڑی کمپنی نے ماریا سے 7 کروڑ ڈالرز کا معاہدہ منقطع کر دیا ہے۔
اس وقت کی عالمی نمبر 7 اٹھائیس سالہ ماریا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ وہ سنہ 2006 سےمیلڈونیم نامی دوا کا استعمال کر رہی تھیں ۔اس دوا کو ملڈرونیٹ بھی کہا جاتا ہے جو اسی نام سے ممنوعہ ادویات کی فہرست میں شامل ہے۔
رواں برس 26 جنوری کو سرینا ولیمز سے آسٹریلین اوپن کے فائنل میں شکست کے بعد ماریا سے ڈوپ ٹیسٹ کے لیے نمونہ طلب کیا گیا جو اب ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی واڈا نے مثبت نتیجے کے ساتھ لوٹایا۔ اس سلسلے میں مزید کارروائی ماریا کی عارضی معطلی کے ساتھ 12 مارچ تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
امریکی جریدرے فوربز کی فہرست کے مطابق ماریا گزشتہ 11 سال سے سب سے زیادہ کمائی کرنے والی خاتون ایتھلیٹ ہیں۔ صرف ٹینس کےذریعے انھوں نے اب تک دو کروڑ 60 لاکھ پاؤنڈ کمائے ہیںجبکہ وہ ہر سال صرف اشتہارات کی مد میں 3 کروڑ ڈالرز کما لیتی ہیں۔