9 مئی 2016
وقت اشاعت: 7:14
ایڈن گارڈن کولکتہ سےپاکستان کی خوشگوار یادیں وابستہ
جیو نیوز - کراچی......ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان اور بھارت کا میچ دھرم شالہ سے کولکتہ منتقل کردیا گیا ہے، اس میدان سے جہاں پاکستان کی خوشگوار یادیں وابستہ ہیں تو وہیں بھارتی تماشائیوں نے یہاں آٹھ آٹھ آنسو بہائے ہیں۔
اٹھارہ فروری 1987 پاک بھارت سیریز کا دوسرا ون ڈے، ایڈنز گارڈن میں ہزاروں تماشائی کی موجودگی میں بھارت نے 238رنز اسکور کیے،ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی چھ وکٹیں 164 رنز پر گرگئیں۔
ایسےمیں سلیم ملک نے کمال کی بیٹنگ کی صرف 36 گیندوں پر 72رنز بنا کر پاکستانیوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیری تو بھارتی تماشائی کو رونے پر مجبور کر دیا۔
تیرہ مارچ 1996 کو کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں سری لنکا کے خلاف بھارتی بیٹسمین بری طرح ناکام ہوئے ، بس پھر کیا تھا، اپنی ٹیم میں یقینی شکست دیکھ کر شائقین بپھر گئے ،گرائونڈ میں پتھر،بوتل اور جو ہاتھ آیا پھینکنا شروع کر دیا، صرف یہی نہیں اسٹینڈز میں آگ تک لگا دی گئی۔ میچ ریفری کلائیو لائیڈ نے تماشائیوں کا رویہ دیکھ کر کھیل ختم کیا اور سری لنکا کو فاتح قرار دے دیا۔
1999 میں ایشین ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاک، بھارت میچ کولکتہ میں ہوا تو پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر نے ڈریوڈ اور ٹنڈولکر کو دو مسلسل گیندوں پر آئوٹ کیا،تماشائیوں کو سانپ سونگھ گیا، اسی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بھارتی بیٹسمین سچن ٹنڈولکر ڈیپ مڈآن سے ندیم خان کی براہ راست تھرو کا شکار ہوئے تو تماشائیوں نے ہنگامہ کر دیا، میچ مکمل کروانے کےلیے اسٹیڈیم کو تماشائیوں سے خالی کرواناپڑا۔