9 مئی 2016
وقت اشاعت: 9:56
کرکٹ ٹیم کی بھارت روانگی کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا،شہر یار خان
جیو نیوز - لاہور......پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کےلیے تیار ہے لیکن اس کا سفر ابھی شروع نہیں ہوا،بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کہتے ہیں جو بھی فیصلہ ہوگا جلد سامنے آ جائے گا،کپتان شاہد آفریدی نے بھی کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا۔
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کےلیے پاکستان کرکٹ ٹیم تیارہے،کھلاڑیوں نے سامان بھی باندھ لیاصرف انتظار اجازت ملنے کا ہے۔آج چیئرمین شہریار خان نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میںموجودٹیم سے ملاقات کی،ان کا حوصلہ بڑھایا اور تمام صورتحال سے آگاہ کیا۔
چیئرمین نے کھلاڑیوںکوماضی کی یاددلاتے ہو ئےکہا کہ 1999 میں بھی قومی ٹیم کے دورہ بھارت کے وقت ایسی ہی صورتحال تھی،لیکن قومی ٹیم نے ساری توجہ کھیل پر رکھی اور بھارت کو انہی کے گھر میں شکست سے دوچار کیا،شہریار خان نے کہا کہ اگر ٹیم بھارت جاتی ہے تووہاں تمام کھلاڑی کھیل پر فوکس رکھیں،میڈیاسے انتہائی مختصر گفتگو میں چیئرمین نےکہا کہ ٹیم کی روانگی کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔
اطلاعات یہ ہیں کہ چیئر مین کے بعدکپتان شاہد آفریدی نےبھی کھلاڑیوں سے میٹنگ کی،ذرائع کے مطابق کپتان نے کہا کہ میگا ایونٹ سے پہلے جو حالات ہیں وہ ٹیم کےلیے مناسب نہیں لیکن کھلاڑی ایسے ہی حالات میں اچھی کرکٹ کھیلنے کےلیے تیار رہیں،کپتان نے میٹنگ میں یہ بھی کہا کہ اگر خدانخواستہ شکست ہوئی تو حالات کو جواز نہیں بنائیں گے۔