11 مئی 2016
وقت اشاعت: 0:51
سیکیورٹی ضمانت مل گئی، ٹیم آج رات بھارت روانہ ہوگی
جیو نیوز - اسلام آباد.......ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کی اجازت ملنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم آج رات بھارت روانہ ہوجائے گی، پاکستانی ٹیم براستہ ابوظبی بھارت کیلئے روانہ ہوگی ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق قومی ٹیم رات ساڑھے تین بجے غیر ملکی ائرلائنز کی پرواز ای وائی ٹو فور ٹو کے ذریعے ابوظبی روانہ ہوگی جہاں کچھ دیر قیام کے بعد دوپہر میں ٹیم دلی کے لئےروانہ ہوگی جہاں سے وہ کولکتہ جائے گی۔
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی ٹیم اپنا واحد وارم اپ میچ 14 مارچ کو سری لنکا سے کھیلے گی، 16 مارچ کو پاکستان کوالیفائر سے کھیلے گا، حریف کون ہوگا، بنگلادیش یا پھر کوئی اور فیصلہ 13 مارچ کو کوالیفائنگ راؤنڈ کے اختتام پر ہوگا، 19 مارچ کو ہے کرکٹ کا سب سے مہا مقابلہ یعنی پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا ، اس جنگ کے لئے کولکتہ کا میدان منتخب کیا گیا ہے۔
بھارت سے میچ کے بعد پاکستانی ٹیم موہالی چلی جائے گی جہاں 22 مارچ کو گرین شرٹس کیو ی سے اپنا حساب چکتا کرنے کی کوشش کریں گے، 25مارچ کو شاہینوں کی نظریں ہوں گی کینگروز کو دبوچنے پر، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان یہ معرکہ بھی موہالی میں ہوگا۔