11 مئی 2016
وقت اشاعت: 9:52
پاکستانی اسکواڈکولکتہ روانگی کیلئےلاہور ایئرپورٹ پہنچ گیا
جیو نیوز - لاہور......شاہینوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ گھر لانے کے لیے پر پھیلالیے۔ اسکواڈ کولکتہ روانگی کے لیے لاہور ائرپورٹ پہنچ گیا۔پاکستان کے شاہین ورلڈ کپ کے لیے پرواز کرنے کو تیار ہیں۔
27 رکنی اسکواڈ لاہور کی کرکٹ اکیڈمی سے ائرپورٹ پہنچا، جہاں سے ٹیم ابوظہبی جائے گی وہاں چند گھنٹے قیام کے بعد گرین شرٹس آج شام کولکتہ روانہ ہوں گے۔ٹیم کے ایئرپورٹ پہنچنے پر ان کا پرجوش استقبال کیا گیا۔
لاہور کرکٹ اکیڈمی سے ایئرپورٹ تک کا سفر یوں تو تقریباً صرف آدھے گھنٹے کا ہے لیکن گرین شرٹس کو لگے پورےتین دن۔ وجہ بنے بھارت میں انتہا پسند،جن کی دھمکیوں کا نوٹس لینے کے بجائے بھارتی حکومت بھی،پاکستان کو ٹیم بھیجنے پر اصرار کرتی رہی،تاہم پاکستان کی جانب سے دو ٹوک مؤقف اپنائے جانے کے بعد مودی سرکار کو پاکستان ٹیم کی حفاظت کی ٹھوس ضمانت اسلام آباد کو گزشتہ روز دینی پڑی۔
کولکتہ کے پولیس کمشنر کے بعد مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بھی گرین شرٹس کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی۔سارو گنگولی بھی کہتے ہیں کہ بس اب چلے آؤ۔
ورلڈ ٹی ٹوینٹی میں پاکستان کرکٹ ٹیم واحد وارم اپ میچ سری لنکا کے خلاف 14 مارچ کو کھیلے گی جس کے بعد شروع ہوگا گرین شرٹس کا اصل امتحان۔
ورلڈٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم 16 مارچ کو پہلا میچ کھیلے گی، 19 مارچ کو کو لکتہ میں بھارت سے ٹاکرا ہوگا۔ قومی ٹیم کےکھلاڑیوں اورآفیشلزکا27 رکنی دستہ بھارت روانہ ہوگا۔
ہیڈ کوچ وقار یونس اور منیجر انتخاب عالم ٹیم کے ہمراہ ہیں جبکہ 15کھلاڑیوں کی ٹیم میں شاہد آفریدی، شرجیل خان، وہاب ریاض، عماد وسیم،احمدشہزاد،محمد عرفان،عمراکمل، محمد نواز، محمد عامر، سرفراز احمد شامل ہیں۔