تازہ ترین سرخیاں
 کھیل 
17 مئی 2016
وقت اشاعت: 10:7

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے بنگلہ دیش کو 55رنز سے ہرادیا

جیو نیوز - کولکتا......ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو یک طرفہ مقابلے میں55رنز سے شکست دے دی،202رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ20اوورز میں 146رنز تک محدود رہی،شکیب الحسن50رنز بنا کر نا قابل شکست رہے۔

ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کی بنگال ٹائیگرز کے ہاتھوں شکست کے بعد بنگلہ دیش کی جانب سے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میںپاکستان اچھے مقابلے کی توقع تھی تاہم بنگلہ دیش کی ٹیم مشرقی بنگال سے مغربی بنگال کے سفر میں جیسے کرکٹ بھول گئی۔

پہاڑ جیسے ہدف کے دبائو میں ایک رن کے مجموعے پر ہی بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ گر گئی،محمد عامر کی تیز اور خوبصورت بال پرسومیا سرکارکلین بولڈ ہو گئے۔انفورم بیٹسمین تمیم اقبال بھی خاص مزاحمت نہ کرسکے اور24رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے،صابر رحمان25رنز بنا سکے ،دونوں کھلاڑیوں کو شاہد آفریدی نے آئوٹ کیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن ہی پاکستانی بولرز کے سامنے کچھ مزاحمت کرسکے وہ 50رنز بنا کر نا قابل شکست رہے،مشرفی مرتضیٰ15رنز بنا کر قابل ذکر رہے۔پاکستان کےمحمد عامر اور شاہد آفریدی نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستانی کپتان کو49رنز کی اننگ اور2قیمتی وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل ٹاس جیت کر پاکستان نے پہلے بیٹنگ کی اور شاہینوں نے بنگال ٹائیگرز کا بھرکس نکال دیا، بیٹسمینوںنے ورلڈ ٹی20 کا پراعتماد آغاز کرتے ہوئے اپنے پہلے میچ میں بنگلادیش کو میچ جیتنے کیلئے202رنز کا بڑا ہدف دیا۔ پاکستان نے ورلڈ ٹی 20 میں پہلی مرتبہ 200رنز کا ہندسہ عبور کیا ۔

کولکتا کے ایڈن گارڈنز میں اوپنر احمد شہزاد اور شرجیل خان نے جارحانہ آغاز کیا لیکن شرجیل خان تیز رفتار بیٹنگ کی کوشش میں 10 گیندوں پر 18 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ۔اس کے بعد محمد حفیظ اور احمد شہزاد نےبنگلادیشی بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور وکٹ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلےاور بارہویں اوور کی دوسری گیند پر سنچری اسکور کرلی۔

اس دوران بنگلادیش کے تمام بولرزبے بس نظر آئے۔ احمد شہزاد نے 39گیندوں پر 8چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی اننگز کھیلی،جبکہ محمد حفیظ دو چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 64 رنز بنائے ، دونوں بیٹسمینوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 95رنز بنائے۔

رہی سہی کسر بوم بوم آفریدی نے پوری کر دیانہوں نے 19گیندوں پر 49 رنز بنائے،جس میں چار چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ اس طرح پاکستان نے مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر201 رنزکا ہندسہ عبور کیا ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.