24 مئی 2016
وقت اشاعت: 2:44
آفریدی نے خود کہا تھا ورلڈ کپ کے بعد رٹائرڈ ہوجائوںگا، شہریار
جیو نیوز - لاہور.......پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ شاہد آفریدی نے خودانہیںکہا تھا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کےبعد رٹائرڈ ہوجائیں گے،انہوں نےآفریدی کو مجبور نہیںکیا ۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی سی بی چیئرمین شہریار خان کا کہنا تھا کہ آفریدی فیل ہوتے ہیں تولوگ تنقید کرتے ہیں، جب وہ جتواتے ہیں تو لوگ خاموش ہوجاتے ہیں ، نو دس ماہ پہلے ہی فیصلہ کرلیا تھاکہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی تک آفریدی کپتان رہیں گے ۔
شہریار خان کا کہنا تھا کہ اب اگر شاہدآفریدی نے اپنا ذہن تبدیل کیا اور کھیل جاری رکھاتو پھر دیکھا جائے گا کہ بطور پلیئر انہیں کھلایا جائے یا نہیں ؟۔
پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ ٹیم کی ناکامی کی وجہ سے افسوس ہوا،اگلے دو میچز بہت اہم ہیں اور ٹیم تیار ہے، امید ہےآئندہ میچز میں اچھی کارکردگی دکھا کر ہم سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گے۔
شہریار خان نے کہا کہ ٹیم میں بہت جذبہ ہے ، بھارت سے نہیں جیت پائے وہ اور بات ہے ،بھارت سے دو طرفہ کرکٹ اس لیے رکی ہے کہ بھارتی حکومت نے اجازت نہیں دی ،پاک بھارت دو طرفہ کرکٹ وقت کی ضرورت ہے ۔
شہریار خان کا مزید کہنا تھا کہ وسیم اکرم نے مشورہ دیا ہےکہ غیر ملکی کوچ تعینات کرنا بھی بری بات نہیں ہے، نیا کوچ پاکستانی بھی ہوسکتا ہے اور غیر ملکی بھی، عمر اکمل نے عمران سے جو سفارش کروائی ، میں نے انہیں کہاکہ ایسی باتیں نہیں کرنی چاہیے تھیں ۔