24 مئی 2016
وقت اشاعت: 7:44
مشرف کو کیوں جانے دیا؟ اپوزیشن نے مشترکہ اجلاس میں معاملہ اٹھادیا
جیو نیوز - اسلام آباد.......پارلیمنٹ کے مشترکا اجلاس میں اپوزیشن نےسابق صدر پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کا معاملہ اٹھا دیا، خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف نے دبئی جاتے ہی سگار لگا لیا، نواز لیگ عوام کو کیا جواب دے گی؟
پارلیمنٹ کے مشترکا اجلاس کا ایجنڈا اہم قانون سازی کرنا تھا لیکن اپوزیشن نے وزیر اعظم نواز شریف کی موجودگی کو غنیمت جانتے ہوئے حکومت کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھ دیا، پی ٹی آئی کے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت بتائے مشرف کے ساتھ کیا ڈیل کی گئی ہے ؟،لوگ پوچھ رہے ہیں آرٹیکل6کہاں گیا؟
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے مشترکہ اجلاس میں اپنے خطاب میں کہا کہکہا گیا تھا کہ پرویز مشرف بیمار ہیں ، لیکن وہ تو دبئی میں سگار پی کر پارٹی اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں، خورشید شاہ کے جواب میں اسپیکر قومی اسمبلی بولے ہمیں پتہ ہے وہ ٹھیک ہیں اور گھر بیٹھے سگار پی رہے ہیں۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ مانتا ہوں کہ پیپلز پارٹی کے دور میں بھی پرویز مشرف 4 بار بیرون ملک گئےمگر ہم اور ہماری حکومت کمزور تھی لیکن آپ تو شیر تھے، آپ سے وہ کیسے بھاگ گیا؟
سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کو گارڈ آف آنر ہم نے نہیں ان کے ادارے نے دیا تھا، اب نواز لیگ عوام کو کیا جواب دے گی، وزراء نے تو کہا تھا حکومت جاتی ہے تو جائے مشرف ملک سے باہر نہیں جائے گا۔
خورشید شاہ نے خواجہ آصف کو مخاطب ہوتے ہوئے کہاکیوں خواجہ صاحب آپ کے جذبات یہی تھے نا؟پرویزمشرف کا وکیل کہہ رہا ہے کہ ڈیل ہوئی ہے ، اسپیکر نے انہیں روکا تو خورشید شاہ نے جواب دیتے ہوئے کہااسپیکر صاحب ایک ہاتھی ایوان میں گھس آیا تھا، اب وہ بھاگ گیا تواس پر کیسے نہ بولوں؟
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اعتزاز احسن نے کہا کاش چوہدری نثار عدالت کا آرڈر بھی پڑھ لیں، سپریم کورٹ نے کوئی ہدایت نہیں دی کہ پرویز مشرف کو جانے دیں ، محمودا چکزئی کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے جانے سے ہمارے منہ پر طمانچہ لگا ہے۔