24 مئی 2016
وقت اشاعت: 9:54
انتخاب عالم نے شکست کا ذمہ دار آفریدی کو ٹھہرادیا
جیو نیوز - ناگپور.....پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر انتخاب عالم نے بھارت سے شکست کا ذمہ کپتان شاہد آفریدی کو ٹھہراتے ہوئے اپنی رپورٹ کرکٹ بورڈ کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کو پیش کردی ہے۔
انتخاب عالم نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ شاہد آفریدی پچ کو سمجھ نہیں پاتے،اگرٹاس جیت جائیں توانہیں سمجھ نہیں آتی کہ پہلے بیٹنگ کرنی ہے یا بولنگ،ٹیم میں کن کھلاڑیوں کو شامل کیا جانا چاہیے، اس بارے میں بھی بوم بوم کچھ نہیں جانتے۔وہ ٹیم کا انتخاب بھی نہیں کرپاتے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے منیجر انتخاب عالم نے قومی ٹیم سے بھارت کی شکست کا سارا نزلہ کپتان شاہد آفریدی پر گرادیا، اگر انتخاب عالم کی بات مانی جائے تو شاہد آفریدی میں ٹیم سلیکشن سے لے کر ٹاس کے بعد تک کوئی بھی فیصلہ کرنے کی اہلیت نہیں،گرائونڈ کی پچ دیکھ کر بھی ٹیم میں موزوں کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے کا آفریدی میں سلیقہ نہیں ہے،یعنی بقول انتخاب عالم کہ شاہد آفریدی کو اگر کچھ آتا ہے تو وہ یہ کہ کچھ نہیں آتا ۔
تاہم کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہریار خان ایشیا کپ میں بدترین کارکردگی کے باوجود لالا کو ٹیم کی سربراہی پھر دینے کو تیار تھے، چار مارچ کو انہوں نے ان خیالات کا میڈیاکے سامنے اظہار بھی کیا تھا ۔اب شہریار خان کا انتخاب درست تھا، یا انتخاب عالم کی رپورٹ سچ ہے اس کااندازہ کولکتہ میں پاک، بھارت میچ سے لگایا جا سکتان ہے ، ایڈن گارڈنز کی جس پچ پر اسپنرز کا جادو چل سکتا تھا وہاں چار فاسٹ بولرز کو میدان میں اتار دیا گیا،جس کا نتیجہ ایشیا کپ کی شکست سے بھی بدتر نکلا، جہاں پانچ وکٹوں سے ہارے تھے، یہاں چھ وکٹوں سے شکست نے ٹیم کا منہ چڑایا۔
سوال یہ پیدا ہوتاہے کہ یہ ساری رپورٹیں بعد میں ہی کیوں منظر عام پر آتی ہیں،ٹورنامنٹ کے وقت ٹیم مینجمنٹ آنکھوں دیکھی مکھی کیوں نگل جاتی ہے،یہ پاکستان کرکٹ بورڈ ہے، یا پاکستان کنفیوژن بورڈ۔