تازہ ترین سرخیاں
 کھیل 
26 مئی 2016
وقت اشاعت: 22:39

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی:بھارت نے سنسی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کوہرادیا

جیو نیوز - بنگلور......ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میںبھارت نے سنسی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کوایک رن سے شکست دے دی،ایونٹ کے سب سے دلچسپ میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا۔

چناسوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کا ٹاس بنگلہ دیش نے جیتا اور بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی،بھارت نے مقررہ20اوورز میں7وکٹ کے نقصان پر146رنز بنا کر بنگلہ دیش کو147رنز کا ہدف دیا،بھارت کی جانب سے سریش رائنا30،ویرات کوہلی24،شیکھر دھون23 رنز بناکر قابل ذکر رہے۔

بنگلہ دیش کی 147رنز کے ہدف کے تعاقب میں پہلی وکٹ11رنز پر ہی گرگئی ،صابر حسین26اور تمیم اقبال نے مجموعے کو55رنز تک پہنچادیا،اس موقع پر تمیم اقبال35رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔شکیب الحسن22رنز بنا کر ایشون کا شکار بن گئے۔محموداللہ18 ، سومیا سرکار21 نے بنگلہ دیش کو فتح کے قریب لاکھڑا کیا اور بھارت کی شکست سامنے نظر آنے لگی تھی ۔

آخری اوور میں بنگلہ دیش کو 11رنز درکار تھے اورمشفق الرحیم جنہوں نے آخری اوور میں دو چوکے بھی لگادئے تھے لیکن اس موقع پر بنگلہ دیش کی بدقسمتی کا آغاز ہوا،آخری تین گیندوں پر بنگلہ دیش کوجیت کےلئے 2رنز درکار تھے لیکن مشفق الرحیم تیسری بانڈری لگانے کی کوشش میں کیچ دے بیٹھے۔

اب دو گیندوں پر بنگلہ دیش کو دورنز درکار تھے لیکن محموداللہ نے بھی نا تجربہ کاری کا مظاہرہ کیا اور اونچاشاٹ کھیلنے کی کوشش میںکیچ ہو گئے،اس موقع پر بھی بنگلہ دیش کی فتح کے امکانات موجود تھے اور ایک گیند پر صرف دو رن درکار تھے لیکن شوواگتا اپنا بیٹ گیند سے نہ ملا سکے اور گیند کیپر دھونی کے پاس گئی جنہوں نے برق رفتاری کا مظاہرہ کیااور پھرتی سے دوڑتے ہو ئے مستفیض الرحمان کو اسٹرائیکنگ اینڈ پررن آئوٹ کر دیا اور کپتانی کا حق ادا کرتے ہو ئےبھارت کی یقینی شکست کو فتح میں بدل دیا۔
بنگلہ دیش کی آخری تین گیندوں پر تین وکٹیں گریں اور میچ کانتیجہ بھی ان کی بد قسمتی پر اختتام پذیر ہوا۔ایشون کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.