5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ریکوڈک کیس: قدرتی ذخائر کے منصوبہ کی بنیادی دستاویز طلب
جنگ نیوز -
اسلام آباد…سپریم کورٹ نے بلوچستان میں ریکوڈک منصوبہ کے کیس میں 26 ارکان سینیٹ کی فریق بننے کی درخواست پر متعلقہ فریقین کونوٹس جاری کردئے ہیں جبکہ قدرتی ذخائر کے منصوبہ کی بنیادی دستاویز کو بھی طلب کرلیا ہے۔ چیف جسٹس افتخارمحمدچودھری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے ریکوڈک منصوبہ کے مقدمہ کی سماعت کی ۔ایک درخواست گزار وکیل رضا کاظم نے موقف پیش کیا کہ حکومت بلوچستان نے اپنے جواب میں منصوبہ کی وہ اصل درخواست نہیں دی جو بی ایچ پی نے دی تھی ،انہوں نے دلائل میں کہا کہ قانون کے تحت ریکوڈک منصوبہ کی ملکیت فروخت نہیں کی جاسکتی ۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان سے بی ایچ پی کمپنی کی اصل درخواست اور لائسنس کا ریکارڈ طلب کرلیا جبکہ موجودہ اور سابق چیف سیکریٹریز کو بھی تمام ریکارڈ سمیت عدالت آنے کا حکم دیاہے۔