5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
پی آئی اے:بکنگ تبدیلی ، نوشو چارجز میں ساڑھے 3 سو فیصد اضافہ
جنگ نیوز -
کراچی …پی آئی اے نے بکنگ کی تبدیلی اور پرواز پر نہ پہنچنے کے چارجز میں ساڑھے تین سو فیصد تک اضافہ کردیاہے ، پی آئی اے ترجمان کے مطابق یہ اضافہ ٹریول ایجنٹس کو غلط بکنگ کرنے سے روکنے کیلئے کیا گیاہے۔ پی آئی اے نے امریکا کینیڈا، اور یورپی ممالک کیلئے بکنگ کی تبدیلی اور ٹکٹ واپس کرنے کے چارجز دو ہزار روپے سے بڑھا کر8 ہزار روپے کردیئے ہیں ، جبکہ نو شو یعنی پرواز پر نہ پہنچنے کے چارجزبڑھا کر تین ہزار روپے سے13 ہزار روپے کردیئے ہیں ، مشرق وسطی ، سعودی عرب ، کولمبو ، کھٹمنڈواور دیگر شہروں کیلئے بکنگ کی تبدیلی ، ٹکٹ واپس کرنے اور نوشو چارجز دو ہزار سے بڑھاکر تین ہزار کردیئے ہیں ، اس اضافے پر عمل درآمد فوری شروع ہوگیاہے ۔ادھر پی آئی اے ترجمان کا کہناہے کہ مسافروں کیلئے سات دن کے اندر ایک مرتبہ بکنگ میں تبدیلی فری ہے جبکہ پی آئی اے کی وجہ سے پرواز میں تبدیلی ، ہنگامی صورتحال یا موت کی وجہ سے پرواز پر نہ پہنچنے کی صورت میں مسافرسے کسی قسم کے چارجز نہیں لیے جاتے ۔ ترجمان نے دعویٰ کیا کہ یہ اضافہ ٹریول ایجنٹس کو غلط بکنگ سے روکنے کیلئے کیا گیا ہے ، واضح رہے کہ بکنگ میں ہر تبدیلی پر پی آئی اے ریونیو مینجمنٹ سسٹم فراہم کرنے والی امریکی کمپنی سیبر کو معاوضہ اداکرتی ہے ۔