5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
اداروں میں تصادم ہوا تو کچھ بھی باقی نہیں بچے گا،وزیر اعظم گیلانی
جنگ نیوز -
بدین...وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اداروں میں تصادم ہوا تو کچھ بھی باقی نہیں بچے گا۔بدین کے علاقے گولاڑچی میں132 کے وی گرڈ اسٹیشن کے افتتاح کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ تمام سیاسی قوتوں سے رہنمائی حاصل کررہے ہیں اورانہیں ساتھ لے کر چل رہے ہیں اور پارلیمنٹ، عدلیہ اور ادارے اپنی اپنی حدود میں کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا اقتدار سنبھالنے کے وقت ملک میں آٹے اور گندم کا شدید بحران تھا تاہم حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں اب ملکی ضروریات کے بعد گندم برآمد کی جارہی ہے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ قومی اسمبلی میں اب تک ساٹھ سے زائد بلز اتفاق رائے سے منظور ہوئے ہیں جو حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کا ثمر صوبائی خودمختیاری کی صورت میں عوام کو مل چکا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دنیا میں معدنیات کے سب سے بڑے ذخائر تھرکول کو سندھ کی ملکیت قرار دیا جاچکا ہے۔