5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
پی آئی اے نے معمر پائلٹ کی ڈیوٹی بین الاقوامی پرواز پر لگادی
جنگ نیوز -
کراچی …پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ ترکش ائیرلائن سے کئے گئے معاہدہ کی منسوخی اور ایم ڈی پی آئی اے کیپٹن اعجاز ہارون کی برطرفی کا اعلان نہیں ہوا تو رات12 بجے کے بعد کوئی پرواز نہیں اڑے گی جبکہ ایوی ایشن اور فلائٹ سیفٹی قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سوپی پائلٹ کو کراچی سے براستہ لاہور مانچسٹر کی پرواز پر ڈیوٹی لگادی۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی کے721 کراچی سے براستہ لاہور مانچسٹر جانے والی پرواز پر63 سالہ کنٹریکٹ پائلٹ کیپٹن ممتاز الحق کی ڈیوٹی لگائی گئی۔ذرائع کے مطابق اس پرواز پر معمر پائلٹ ممتازالحق کراچی سے لاہور سوپی پائلٹ اور لاہور سے مانچسٹر آپریٹنگ پائلٹ کی حیثیت سے ڈیوٹی انجام دیں گے۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اور فلائٹ سیفٹی قوانین کے تحت پائلٹ دس گھنٹے سے زائد ڈیوٹی نہیں دے سکتا جبکہ کیپٹن ممتاز الحق پرواز پی کے721 میں مسلسل بارہ گھنٹے سے زیادہ ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔پالپا کے مطابق فلائٹ سیفٹی اور سول ایوی ایشن قوانین کی خلاف ورزی مسافروں اور پرواز کیلئے خطرناک ہوسکتی ہے۔ اس سے قبل پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ ترکش ائیرلائن سے کئے گئے معاہدہ کی منسوخی اور ایم ڈی پی آئی اے کیپٹن اعجاز ہارون کی برطرفی کا اعلان نہیں ہوا تو رات12 بجے کے بعد کوئی پرواز نہیں اڑے گی۔ تاہم وزارت دفاع نے لازمی سروسز ایکٹ کے تحت کاروائی کرتے ہوئے پالپا کے صدر کیپٹن سہیل بلوچ اور سیکریٹر کیپٹن ٹی ایم ربانی کو ملازمت سے برطرفی کا نوٹس دے دیا جبکہ دوسری طرف پی آئی اے انتظامیہ نے بھی5 پائلٹوں کی برطرفی کے زبانی احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی اپیل پر308 پائلٹ اور45فضائی میزبان بیماری کی رخصت پر چلے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے احتجاج میں حصہ لینے پر5 پائلٹوں کو نوکری سے برطرف کر دیا ہے، برطرفی کے نوٹس ٹیلیفون پر زبانی طور پر دیئے گئے ہیں۔ جن پائلٹوں کی برطرفی کے نوٹس جاری کئے ہیں ان میں کیپٹن انور زیدی، کیپٹن عاطف اللہ خان، کیپٹن طارق چوہدری، کیپٹن صادق رحمن، اور کیپٹن وقاص شامل ہیں۔ رہنما پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کیپٹن سہیل بلوچ نے انتظامیہ کی کارروائی کو انتقامی قرار دیا ہے اور عندیہ دیا ہے کے ان اقدامات کے باوجود مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔