تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

صدر کاقومی امور پر گول میز کانفرنس بلانے کا فیصلہ، سیاسی رہنماؤں کو فون

جنگ نیوز -
اسلام آباد...پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرپرسن صدر آصف علی زرداری نے اہم قومی امور پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں پر مشتمل گول میز کانفرنس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، صدر نے سیاسی رہنماؤں سے رابطے بھی شروع کردئے ہیں۔ صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق گول میز کانفرنس کے انعقاد کی تاریخ کا تعین سیاسی رہنماؤں سے مشاورت کی روشنی میں کیا جائے گا، کانفرنس طلب کرنے کا مقصد ملک کو سیاسی اور معاشی چیلنجز پر وسیع البنیاد اتفاق رائے پیدا کرنا ہے۔ادھر ذرائع کے مطابق صدر زرداری نے گول میز کانفرنس میں شرکت کے لئے مسلم لیگ ق کے رہنماؤں چودھری شجاعت حسین،چودھری پرویز الٰہی اور مشاہد حسین اور جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو ٹیلی فون کیا ہے، جبکہ مولانا فضل الرحمان کو حکومت میں دوبارہ شمولیت کی دعوت بھی دی ، جس پران کاکہناتھاکہ وہ ابھی کچھ نہیں کہ سکتے، اس معاملے پرپارٹی سے مشاورت کریں گے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.