تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

صدر زرداری کا الطاف حسین سے فون پر رابطہ، ملکی معاملات پر گفتگو

جنگ نیوز -
لندن...صدرمملکت آصف زرداری نے منگل کی شام ایم کیوایم کے قائدالطاف حسین سے فون پر گفتگوکی اوران سے ملک کودرپیش چیلنجزسے نکالنے کیلئے گول میزکانفرنس کے انعقادکے سلسلے میں تبادلہ ء خیال کیا ۔ صدر آصف زرداری نے الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ملک اس وقت مختلف قسم کے چیلنجزسے دوچار ہے اوراس موقع پر اسے قومی اتفاق رائے کی اشد ضرورت ہے اوروقت کاتقاضہ ہے کہ تمام جماعتیں اس سلسلے میں اپناکرداراداکریں۔ الطا ف حسین نے صدرمملکت کی جانب سے قومی اتفاق رائے پیداکرنے کے سلسلے میں گول میزکانفرنس کے انعقادکے اعلان کازبردست خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ یہ اقدام ملک میں جمہوریت کے استحکام اورقومی اتفاق رائے پیداکیلئے انتہائی خوش آئند ہے الطاف حسین نے صدرمملکت کویقین دلایاکہ ایم کیوایم ملک کودرپیش چیلنجزسے نمٹنے کیلئے ہرطرح سے تعاون کرنے کیلئے تیارہے۔صدرمملکت آصف زرداری اور الطاف حسین کے درمیان ملک کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ ء خیال ہوا۔علاوہ ازیں اس سے قبل صدر آصف علی زرداری نے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر اور قومی اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار سے فون پر گفتگو کی اورانہیں قومی اتفاق رائے پیداکرنے کے سلسلے میں بلائی گئی گول میز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ۔ ڈاکٹر فاروق ستار سے گفتگو کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ ملک کو اس وقت انگت مسائل درپیش ہیں اور ملک کو درپیش مسائل اور مشکلات سے نکالنے کیلئے تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کے درمیان قومی اتفاق رائے کاپیداہوناو قت کا تقاضہ ہے ۔ ڈاکٹر فاروق ستا رنے صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین کا کافی عرصہ سے مسلسل یہی مشورہ رہاہے کہ ملک کودرپیش چیلنجوں سے نمٹنے اور اہم قومی مسائل کے حل کیلئے تمام سیاسی جماعتیں اتفاق رائے پیداکریں اور ثابت کردیں کہ وہ ملک کی خاطر تمام جماعتیں سنجیدہ ہیں،اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے تمام سیاسی جماعتوں کی گو ل میز کانفرنس بلانے کا فیصلہ خوش آئند ہے ۔انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ گول میز کانفرنس ملک کے مسائل کے حل کیلئے سنگ میل ثابت ہوگی ۔








متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.