5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
حکومت سندھ یا وزیراعلیٰ کوسٹی گورنمنٹ کی املاک پرکوئی اختیارنہیں،عدالت عالیہ
جنگ نیوز -
کراچی...سندھ ہائیکورٹ نے ایک پٹیشن کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ حکومت سندھ یا وزیراعلیٰ کوسٹی گورنمنٹ کی املاک پرکوئی اختیارحاصل نہیں۔عدالت نے شہری حکومت کے ڈسٹرکٹ آفیسر اسٹورزاینڈ پرچیزخالدہاشمی کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے ایسے تمام صوبائی افسران کی فہرست طلب کرلی ہے جوشہری حکومت کے بنگلے استعمال کررہے ہیں اور کرایہ نہیں دے رہے۔ درخواست گزار کو کلفٹن میں واقع شہری حکومت کے بنگلوں میں سے ایک الاٹ ہوا تھا جواسوقت ایک سابق صوبائی افسر محکم الد ین قادری کے زیر تصرف تھا۔ محکم الدین ریٹائرمنٹ کے دو سال بعد بھی نہ بنگلہ خالی کررہے تھے اورنہ ہی کرایہ دے رہے تھے۔ درخواست گزار نے بنگلہ خالی کرنے کا کہا تو محکم الدین نے بنگلہ اسکے حوالے کرنے کی بجائے اپنے بھائی ایڈیشنل سیکریٹری اشفاق قادری کے حوالے کردیا۔آج شہری حکومت کے ای ڈی او لیگل منظور حسین نے عدالت کو بتایا کہ اس علاقے میں شہری حکومت نے نو بنگلوں میں سے صرف ایک میں شہری حکومت کا افسر رہ رہا ہے۔