5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
پی آئی اے ملازمین کے احتجاج کا تیسراروز،ڈھائی سو سے زائد پروازیں منسوخ
جنگ نیوز -
کراچی...…پی آئی اے ملازمین کا احتجاج تیسرے روز میں داخل ہوچکا ہے۔تین دن سے جاری احتجاج کے باعث ڈھائی سو سے زائد اندرون و بیرون ملک پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں۔قومی ایئرلائن پی آئی اے کے ملازمین کی ہڑتال اور پروازیں منسوخ ہونے سے 3دنوں میں پچیس ہزار سے زائد مسافرمتاثر ہوئے۔پی آئی اے کے احتجاجی مظاہرین کا کہنا ہے کہ ایم ڈی پی آئی اے کی برطرفی اور ترک ائیرلائن سے کئے گئے معاہدے کے خاتمے تک احتجاج جاری رہے گا۔امن کی آشا کے لئے بھارت جانے والے مندوبین بھی پی آئی اے کی پرواز منسوخ ہونے کی وجہ سے غیر ملکی ائرلائن سے روانہ ہوئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاج کے باعث تقریبا 250 پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں ،جن میں صرف گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران منسوخ ہونے والی پروازوں کی تعداد 100 کے قریب ہے۔پروازیں منسوخ ہونے سے ڈاک اور کارگو کی ترسیل بھی معطل ہے۔ذرائع نے دعویٰ کیاہے کہ فضائی راستے سے درآمد و برآمد بند ہونے سے ملک کو معاشی طورپریومیہ کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔دوسری جانب ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ منیجنگ ڈائریکٹر پی آئی اے کیپٹن اعجاز ہارون کے استعفے کی اطلاع بے بنیاد ہے اور اس میں کوئی صداقت نہیں۔ کراچی سے جاری اعلامیہ کے مطابق ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے انتظامیہ نے وزیرداخلہ اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے درمیان ہونیوالی میٹنگ کو خوش آئند اور حوصلہ افزا قرار دیا ہے اور ملاقات کے دوران طے پانیوالے فیصلوں اور مسافروں کو مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پی آئی اے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کررہی ہے۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق جلد پروازیں دوبارہ شروع ہونے کی توقع ہے اور اس سلسلے میں پہلی پرواز307 اپنے مقررہ وقت رات دس بجے لاہور سے کراچی کیلئے روانہ ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ ہڑتال کے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ پر اس وقت پی آئی اے کے7 طیارے روکے ہوئے ہیں۔