5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
پی آئی اے ملازمین کا احتجاج، ادارے کو3 روزمیں 81کروڑ کا نقصان
جنگ نیوز -
کراچی...…پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے ملازمین کی جانب سے جاری احتجاج نے تین روز میں ادارے سے اندازاً81 کروڑ روپے چھین لیے ہیں۔ پر تشدد نظارے، سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے لاٹھی چارج اور پریشان مارے مارے پھرتے مسافر کے ساتھ ایئرلائن کو ہونیوالے مالی نقصان کی کہانی بھی پوشیدہ ہے۔کہتے ہیں کہ پی آئی اے کی جیب میں سوراخ ہے جتنی آمدنی ہوتی ہے اس سے زائد کا نقصان ہوجاتا ہے۔ مگر اس صورتحال کو کیا کہیں جب نقصان بھی مستقل جاری ہو اورآمدنی بھی کئی روز سے بندقومی ائیرلائن ہوائی مسافروں سے 25 کروڑ جبکہ ساز و سمان کی ترسیل کی مد میں1 کروڑ80 لاکھ روپے کی اوسط یومیہ آمدنی اپنی جیب میں ڈالتی ہے۔ احتجاج نہ ہوتا تو تین روز میں پی آئی اے کواندازاً81 کروڑ روپے حاصل ہوتے۔ پی آئی اے کونہ صرف مسافروں سے لی گئی ٹکٹوں کی رقم واپس دینی ہوگی بلکہ ساز و سامان کی ترسیل سے حاصل آمدنی بھی مٹی میں مل گئی ہے۔ قومی اہمیت کے اس ادارے نے پہلے ہی حسن کارکردگی کی مثال قائم کرتے ہوئے جنوری تا سمبر2010 میں11 ارب69 کروڑ روپے کا نقصان ظاہر کیا ہے۔