5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بالائی علاقوں میں موسم بدستورسرد ، برفباری سے بند راستے کھولے نہ جاسکے
جنگ نیوز -
اسلام آباد…ملک کے بالائی علاقوں میں موسم بدستورسرد ہے، حالیہ برف باری کے باعث بند ہونیوالے راستوں کو تاحال نہیں کھولا جاسکا ہے جس سے عوام کو پریشانی کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسکردو اور گردونواح میں موسم ابر آلود ہے ،تاہم آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران برف باری اور بارش کا نیا سلسلہ شروع ہوسکتاہے۔چار روز قبل ہونیوالی برف باری کے سبب بند ہونیوالی نواحی علاقوں کی سڑکوں کو ابھی تک نہیں کھولا جا سکا ہے۔ استور، غذر اور ہنزہ نگر میں سردی کی شدت برقرار ہے اورلوگ گھروں میں محصور ہیں۔ضلع سوات میں بھی موسم ابر آلود ہے جبکہ برف باری کے بعد سردی کی شدت بڑھ گئی ہے اوربحرین کالام روڈ آج23 ویں روز بھی ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہے، جس کے باعث وادئ کالام کے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مظفر آباداور گردونواح میں موسم جزوی طور پر ابر آلود ہے ۔وادئ نیلم میں حالیہ برف باری اور لینڈ سلائڈنگ کے نتیجے میں زمینی رابطے منقطع ہیں۔