تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

پی آئی اے ملازمین کے احتجاج کا چوتھا روز، 35پروازیں منسوخ

جنگ نیوز -
کراچی … ترکش ایئر لائن سے معاہدے کیخلاف اور ایم ڈی پی آئی اے کی برطرفی کیلئے پی آئی اے ملازمین کا احتجاج آج چوتھے روز میں داخل ہوگیا ہے۔ ملازمین کے احتجاج اور دھرنے کے باعث چوتھے روز بھی آج صبح تک پی آئی اے کی15 بین الااقوامی اور20 اندرون ملک پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں۔ ایئر لائن ذرائع کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے آپریشن سمیت متعدد ڈپارٹمنٹس کو تالے لگادیئے ہیں جبکہ جناح ٹرمینل پر فضائی عملے کے بریفنگ آفس جانیوالے راستے پر پولیس تعینات کردی گئی ہے۔ پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق چار روز میں پی آئی اے کو ڈیڑھ ارب خسارہ ہوچکا ہے۔ ترجمان جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پی آئی اے انتظامیہ تالابندی کا الزام لگاکر ہڑتالی ملازمین پر پرتشدد کارروائی کا پروگرام بنارہی ہے۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے اے ٹی آر طیاروں کے جنرل منیجر کیپٹن ثاقب انصاری نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا جبکہ اس سے قبل جنرل منیجر نارتھ کیپٹن قاسم حیات بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں جبکہ ایک اور جنرل منیجر آصف گیلانی کے استعفیٰ دیئے جانے کی بھی اطلاعات ہیں ۔انکوائری کی جانب سے درست معلومات فراہم نہ کئے جانے پر مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ بعض پروازوں کیلئے فٹنس سرٹیفکیٹ ائیرکرافٹ انجینئر کے بجائے پائلٹ سے جاری کروانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے یہ بھی کہا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فلائٹ سیفٹی کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی کا نوٹس نہیں لیا تو اس کی شکایت انٹرنیشنل سول ایوی ایشن ارگنائزیشن سے کی جائیگی ۔پی آئی اے کے احتجاجی ملازمین نے پی آئی اے کے مرکزی بکنگ آفس کو بھی بند کرانے کے بعد بکنگ آفس کے سامنے احتجاج کیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.