5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
قومی ایجنڈے کے کچھ نکات پر گھنٹوں میں عمل ہوسکتا تھا، ایسانہیں ہوا،نوازشریف
جنگ نیوز -
راولپنڈی…مسلم لیگ ن کے قائدنوازشریف نے کہاہے کہ انہوں نے امریکی سفیرپرواضح کیاہے کہ ریمنڈڈیوس کے معاملے پروہ فیصلہ نہیں کرسکتے بلکہ ملک کی عدالتیں کریں گی،جس کے بعدہی گول میزکانفرنس میں کسی ایجنڈے پرغورکیاجا سکتاہے،ان کاکہناہے کہ دس نکاتی ایجنڈے پرحکومتی پیش رفت سامنے آنی چاہئے، قومی ایجنڈے کے کچھ نکات پر گھنٹوں میں عمل ہوسکتا تھا، ایسانہیں ہوا۔ راولپنڈی کے علاقے چکری میں قائد حزب اختلاف چودھری نثار کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کے موقع پر جیو نیوز سے خصوصی گفتگومیں نوازشریف نے بتایاکہ لاہورمیں پیش آنے والے ریمنڈ ڈیوس کے واقعہ کے فوری بعدامریکی سفیرنے انہیں فون کرکے افسوس کااظہارکیاتھا۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ وہ دوسرے ملکوں کے قوانین کا احترام کرتے ہیں، اس لئے انہیں بھی پاکستان کے قوانین کا احترام کرنا چاہئے۔نوازشریف نے کہا کہ دس نکات میں کچھ ایسے تھے ، جن پر گھنٹوں، کچھ پر دنوں اور کچھ پر ہفتوں میں عمل ممکن تھا لیکن حکومت نے وہ بھی نہیں کیا، یہ بات انہیں پریشان کرتی ہے، صبرکاپیمانہ لبریزہورہاہے لیکن کوشش کررہے ہیں کہ نتائج سامنے آئیں۔