5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
پی آئی اے ملازمین پربہیمانہ تشدد قابل مذمت ہے، الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن …متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی ایئرپورٹ پر اپنے مطالبات کے حق میں پرامن احتجاج کرنے والے پی آئی اے کے ملازمین پر پولیس اور دیگر افراد کے بہیمانہ تشدد، لاٹھی چارج اورگرفتاریوں کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے ۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ پی آئی اے کے پائلٹ، ایئرہوسٹسزانجینئرزاوردیگرشعبوں سے وابستہ ملازمین چندروزسے اپنے مطالبات کے حق میں پرامن احتجاج کررہے ہیں جوان کاآئینی و قانونی اورجمہوری حق ہے لیکن انکے پرامن احتجاج کوکچلنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے طاقت کااستعمال کیاجارہاہے،دوروزپہلے اے ایس ایف کے ذریعے ان ملازمین پرتشددکیاگیا اورآج ایک بارپھر پولیس اورانتظامیہ کے حامی افرادنے اپنے مطالبات کے حق میں پرامن احتجاج کرنے والے پی آئی اے کے نوجوان وبزرگ ملازمین حتیٰ کہ خواتین پر اچانک حملہ کرکے انہیں جس بہیمانہ طریقے سے تشددکانشانہ بنایا اور ان کے ساتھ جو بہیمانہ سلوک کیاگیا ، ایم کیوایم اس کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتی ہے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ تشدداورظلم وبربریت کایہ طرزعمل کسی بھی طرح نہ تو پی آئی اے کے مفاد میں ہے ،نہ ملک کے ، اورنہ ہی یہ جمہوری تقاضوں کے مطابق ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پی آئی اے ملازمین کے پرامن احتجاج کو تشدد کے ذریعے کچلنے کے بجائے ان کی بات سنی جائے اورمعاملے کوطاقت کے بجائے بات چیت اور افہام وتفہیم کے ذریعے جلدازجلد حل کیاجائے۔ الطاف حسین نے صدرآصف زرداری اور وزیراعظم یوسف رضاگیلانی سے مطالبہ کیاکہ پی آئی اے کے ملازمین پر پولیس اوردیگرافرادکے لاٹھی چارچ ، وحشیانہ تشدد اور بہیمانہ سلوک کافوری نوٹس لیاجائے،تشددمیں ملوث افرادکے خلاف کارروائی کی جائے اورگرفتارکئے جانے والے ملازمین کوفی الفوررہاکیاجائے ۔انہوں نے تشددکے نتیجے میں زخمی ہونیوالے پی آئی اے ملازمین سے دلی ہمدردی اوریکجہتی کااظہارکیا۔