5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ایم ڈی پی آئی اے مستعفی،ملازمین کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان
جنگ نیوز -
اسلام آباد...وزیردفاع احمد مختار نے جمعہ کی شب اعلان کیا کہ پی آئی اے کے ایم ڈی کیپٹن اعجاز ہارون نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے،اور حکومت نے ایم ڈی پی آئی اے کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے، اس بات کا اعلان داخلہ رحمان ملک اورچوہدری احمد مختار نے پی آئی اے ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مذاکرات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔ایم ڈی کے استعفے کی خبر جب پی آئی اے ہیڈکوارٹر کراچی اور دیگر شہروں لاہور اسلام آباد پہنچی تو ہڑتالی ملازمین میں خوشی ککی لہر دوڑ گئی، کراچی ائیرپورٹ پر موجود ملازمین نے اس خبر کے ملتے ہی جشن منانا شروع کردیا۔ اس سے قبل وزیرداخلہ رحمان ملک نے کہا کہ پی پی کا منشور عوام کی خدمت ہے، صدر زرداری نے ہمیشہ عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے ہیں، قومی ائیر لائن اس ملک کی اساس اور حکومت ملازمین کے ساتھ ملکر اسے مزید ترقی دینا چاہتی ہے۔ادھر پی آئی اے ملازمین کی قیادت کرنے والے پالپا رہنماء سہیل بلوچ نے کہا کہ ملازمین اپنا ہڑتال ختم کردیں گے اور آج رات سے تمام فلائٹ آپریشن بحال ہوجائینگے۔اس سے قبل ہونے والے کامیاب مذاکرات میں حکومت نے فیصلہ کیا کہ تمام برطرف ملازمیں بحال کردیئے جائینگے اور گرفتار لوگوں کو رہا کردیا جائے گا۔