29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
خیبرپختونخوا میں پولیس فورس کی تعداد میں 100فیصد اضافہ کردیا، میاں افتخار
جنگ نیوز -
پشاور . . . . . خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ صوبے کی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پولیس فورس کی تعداد میں سو فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں پشاور پریس کلب کے عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب میں میاں افتخار نے کہا کہ دہشت گردی ختم کرنے کیلئے پاکستان، افغانستان اور امریکا کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ افغانستان میں امن کی بحالی نیٹو فورسز اور افغان فوج کی ذمہ داری ہے پاکستان کے اندر ہم خود دہشت گردوں سے نمٹ لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اورسکیورٹی فورسز دہشت گردی کیخلاف اپنے حصے کا کام بطریق احسن نبھا رہی ہیں اب عدلیہ کی ذمہ داری ہے کہ دہشت گردوں کیلئے عبرت ناک سزا مقرر کرے۔ انہوں نے کہا کہ اٹھانوے فیصد دہشت گرد عدالتوں سے عدم ثبوت کی بنیاد پر چھوٹتے ہیں جو تشویش ناک امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ کے اتحادیوں میں اعتماد کا فقدان ہے ۔