29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
لاہور ہائی کورٹ :ریمنڈ کیس میں امریکی حکومت کو فریق بنانے سے انکار
جنگ نیوز -
لاہور…لاہور ہائی کورٹ نے ریمنڈ ڈیوس کیس میں امریکی حکومت کو فریق بنانے سے انکار کر دیا۔ عدالت نے ریمنڈ ڈیوس کیس میں عالمی عدالت سے رجوع کرنے سے روکنے کی درخواست بھی مسترد کر دی۔لاہور ہائی کورٹ میں آج ریمنڈ ڈیوس کیس کے حوالے سے دائر دو درخواستوں کی سماعت ہوئی جو اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دائر کی تھیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس اعجاز احمد چودھری نے ریمارکس دیئے کہ امریکی حکومت کو اس کیس میں فریق بنانے کی ضرورت نہیں۔ اگر ضرورت محسوس کی گئی تو دیکھا جائے گا، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ریمنڈ ڈیوس کے استثنا کا فیصلہ پاکستانی حکومت نے کرنا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ مفروضوں پر مبنی درخواستوں سے عدالت کا وقت ضائع نہ کیا جائے۔