29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
امریکی فوجیں2014 کے بعد بھی افغانستان میں موجود رہیں گی ، رابرٹ گیٹس
جنگ نیوز -
بگرام…امریکا کے وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے کہا ہے کہ امریکی فوج 2014 کے بعد بھی افغانستان میں موجود رہے گی ۔اس معاملے میں کچھ مشکلات پیش آئیں گی جنہیں دور کر لیا جائے گا ۔امریکی وزیر دفاع دو روزہ دورے پر افغانستان پہنچے ہیں ۔ بگرام میں امریکی اڈے پر فوجی افسران سے بات کرتے ہوئے رابرٹ گیٹس کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں افغان حکومت چاہتی ہے کہ دو ہزار چودہ کے بعد بھی افغانستان کو امریکی فوج کا تعاون حاصل رہے تاکہ افغان فورسز کی تربیت کا عمل جاری رہے ۔ امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ دو ہزار چودہ کے بعد افغانستان میں امریکی فوج کی موجودگی کے بارے میں افغان حکام سے بات چیت چل رہی ہے اور ان کے خیال میں افغان حکومت بھی امریکی اور نیٹو افواج کی افغانستان میں موجودگی کے حق میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکا افغانستان کو دوبارہ القاعدہ یا ان سے منسلک دہشت گردوں کی محفوظ جنت نہیں بننے دے گا ،رابرٹ گیٹس نے امریکی فوجیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ فوج نے مشکل سردیاں گزاریں ہیں جبکہ موسم بہار کی طرح گرمیوں کے دن بھی مشکل ترین ہوں گے لیکن فوج نے افغان فورسز سے مل کر بڑی کامیابیاں بھی حاصل کی ہیں ۔