29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
خصوصی امریکی ایلچی برائے پاک افغانستان کی صدر زرداری سے ملاقات
جنگ نیوز -
اسلام آباد...پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی مارک گراسمین نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی ہے ۔صدر زرداری کا کہنا ہے کہ تعلقات میں کمزوری کا آپشن پاکستان اور امریکہ دونوں کے لئے سازگار نہیں ہے اس لیے مل کر تمام مسائل کا قبول قبول حل نکالنا چاہیے۔ایوان صدر اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں امریکی سفیر کیمرون منٹر،امریکی حکام اور وفاقی وزرا بھی موجود تھے۔اس موقع پر صدر زرداری نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کو طویل المعیاد اور دیرپا تعلقات کو کسی ایک واقعے کی بھینٹ نہیں چڑھنے دینا چاہیے، ایسے اکا دکا واقعات دونوں ممالک کے عوام کے درمیان بد اعتمادی اور کشیدگی پیدا کرنے کے لئے استعمال کئے جا سکتے ہیں،صدر نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت چکائی ہے اس لیے کسی کو ہماری نیت پر شک نہیں ہونا چاہیے،صدر نے کہا کہ انتہا پسند موجودہ نظام کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں لیکن دنیا غیر ریاستی عناصر کی طرف سے حکومتوں کو ڈکٹیٹ کرنے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔دنیا کی طرف سے بر وقت امداد اور منڈیوں تک رسائی سے پاکستان موجودہ چیلنجز سے نمٹ سکتا ہے،صدر نے واضح کیا کہ دہشت گردی پاکستان ہی نہیں خطے اور عالمی امن کے لئے بھی خطرہ ہے،صدر نے کہا کہ پاکستان فغانستان میں امن عمل کی حمایت کرتا ہے۔صدر نے مارک گراسمین کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔