29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
افغانستان: پرائیوٹ امریکی اہلکاروں کی تعداد تقریباً19 ہزار ہوگئی
جنگ نیوز -
واشنگٹن. . . . . . . .امریکی کانگریس کی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ افغانستان میں امریکی فوج کے پرائیوٹ سیکیورٹی اہلکاروں کی تعداد 19 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔امریکی فوج نے افغانستان میں غیر ملکی افواج، سفارت کاروں اور این جی اوز کے تحفظ کے لیے پرائیوٹ سیکیورٹی فرموں کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں جن کی تعداد اٹھارہ ہزار نو سو انیس ہوچکی ہے۔ امریکی کانگریس کی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں امریکی فوج کے لیے کام کرنے والے کنٹریکٹ اہلکاروں کی تعداد میں جون 2009 سے اب تک 3 گنا اضافہ ہو چکا ہے اور یہ اب تک امریکی فوج کی جانب سے کہیں بھی استعمال کیے گئے پرائیوٹ اہلکاروں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ ان اہلکاروں میں 95 فی صد مقامی افراد ہیں۔واضح رہے کہ ان پرائیوٹ سیکیورٹی اہلکاروں پر مختلف الزامات کی وجہ سے امریکی فوج کو سخت تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے اور افغان صدر حامد کرزئی پرائیوٹ سیکیورٹی فرموں پر پابندی چاہتے ہیں۔