29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
پشاور،طویل لوڈشیڈنگ سے شہریوں کا جینا دوبھر ہوگیا
جنگ نیوز -
پشاور…پشاورسمیت خیبر پختونخوا بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کا جینا دوبھرکردیا ہے ۔گرمی کی شدت نے ابھی اپنے پورے جلوے دکھائے بھی نہیں کہ بجلی کی آنکھ مچولی شروع ہوگئی۔ پشاور کے شہری علاقوں میں روزانہ دس سے بارہ گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں چودہ سے اٹھارہ گھنٹے بجلی بند رہتی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک گھنٹے بجلی آتی ہے پھر پانچ گھنٹے بند رہتی ہے ۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے ابائی شہر مردان میں طویل لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے ۔لوگ راتیں کھلے آسمان تلے گذارنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ مردان کے ہوسئی گرڈ اسٹیشن کی بجلی تقریبا ساری رات بند رہتی ہے اور ملحقہ درجنوں دیہات تاریکی میں ڈوبے رہتے ہیں ۔ ادھر پیسکو حکام کا کہنا ہے کہ شارٹ فال چھ سو میگاواٹ پر برقرار ہے جبکہ گرمی کی شدت کے باعث اس کی کھپت میں اضافہ ہوا ہے جس سے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھ گیا ہے ۔