29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
اسامہ کی موجودگی :امریکا نے پاکستان سے وضاحت طلب کر لی
جنگ نیوز -
واشنگٹن …امریکا نے اسامہ بن لادن اور ایبٹ آباد میں ان کی طویل عرصہ تک موجودگی کے بارے میں پاکستان سے فوری طور پرکئی سوالات کا جواب مانگا ہے۔فوجی تنصیبات میں گھرے ایبٹ آباد میں القاعدہ کے رہنما کی طویل عرصہ تک موجودگی اور اس بارے میں پاکستان کی لاعلمی نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔ایک امریکی اخبار کے آرٹیکل کے مطابق امریکی فوجی،خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں اور سفارتکاروں نے پاکستانی حکام سے ملاقات میں وضاحت مانگی ہے۔رپورٹ کے مطابق امریکا نے جہاں اسامہ بن لادن کی پاکستان میں طویل عرصے تک موجودگی اور اس سے بے خبری کے بارے میں پوچھا ہے وہیں اسامہ بن لادن کے کمپاؤنڈکے مالک اس کو تعمیر کرنیوالے ، وہاں سکیورٹی سسٹم نصب کرنیوالے کے بارے میں بھی دریافت کیاہے۔امریکی اخبار کے مطابق امریکا نے کہا ہے کہ اسے ان عینی شاہدین کے نام فراہم کئے جائیں جو کمپاؤنڈ میں آنیوالوں کی تصدیق کر سکیں ۔دوسری جانب امریکی کانگریس نے اسامہ کے بارے میں یہ بات ماننے سے انکار کیا ہے کہ اسامہ بن لادن پاکستانی حکام کی نظروں میں آئے بغیر ایبٹ آباد میں قیام پذیر تھا۔کانگریس کے کچھ ارکان پاکستان کو دی جانیوالی تین بلین ڈالر کی سالانہ فوجی اور اقتصادی امداد پر نظر ثانی کا مشورہ دے رہے ہیں جبکہ اسپیکر جون اےBoehner سمیت کچھ ارکان کاکہنا ہے کہ یہ وقت پاکستان سے دور جانے کا ہرگز نہیں ہے۔اوباما انتظامیہ کے ایک اعلیٰ افسر کے مطابق اس وقت پاکستان کویہ ثابت کرنا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا کاواقعی اتحادی ہے۔