29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
’اسامہ کی تلاش کیلئے پاکستانی یقین دہانی کے باوجود امریکا خوش نہیں تھا‘
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وکی لیکس سے جاری خفیہ سفارتی دستاویز سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اسامہ کی تلاش کیلئے پاکستان کی جانب سے مدد کی یقین دہانی کے باوجود امریکا خوش نہیں تھا ۔فروری دو ہزار نو میں آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کے دورہ واشنگٹن کے موقع پر امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹرسن نے مراسلے میں زور دیا تھا کہ جنرل کیانی کو حقانی نیٹ ورک اور لشکر طیبہ جیسی دہشت گرد تنظیموں کی مدد بند کرنے کا واضح پیغام دیا جائے ۔ انیس فروری دو ہزار نو کو اس وقت اسلام آباد میں متعین امریکی سفیر این ڈبلیو پیڑسن نے واشنگٹن کو لکھا کہ جنرل کیانی کو یہ واضح پیغام دیا جائے کہ حقانی نیٹ ورک اور لشکر طیبہ جیسی دہشت گرد تنظیموں کی خاموش حمایت کا سلسلہ بند کیا جائے ۔ مراسلے میں امریکی سفیر پیٹرسن نے یہ مشورہ بھی دیا کہ جمہوری حکومت کی حمایت کرنے پر جنرل کیانی کو سراہا بھی جانا چاہئے اور ان کے سامنے پاکستان کی طویل عرصے تک مدد کا عزم بھی دہرایا جائے ۔