29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
ملک بھر میں سیکورٹی کومزید موثر اور فول پروف بنانے کی ہدایت
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وزیر داخلہ رحمان ملک نے اسامہ بن لادن کی ایبٹ آباد آپریشن میں ہلاکت کے بعد ایک اعلی سطحی اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں سیکورٹی کو مزید موثر اور فول پروف بنانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔وزارت داخلہ اسلام آباد میں ہونے والے اس اجلاس میں پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ،اجلاس میں آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی آپریشن، اورڈی آئی جی سیکورٹی نے وفاقی دارالحکومت میں اہم اور حساس علاقوں، تنصیبات اور عمارات کی سیکیورٹی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کو بتایاگیاہے کہ اسامہ بن لادن کی ابیٹ آباد آپریشن میں ہلاکت کے بعد شدت پسندوں اور دہشت گرد عناصر اہم عمارتوں اور حساس مقامات کو نشانہ بنا سکتے ہیں ،اجلاس میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مشاورت اور انٹیلی جنس اطلاعات کے تبادلوں کو مزیدموثر بنانے ، ملک بھر میں متعلقہ حکام کیساتھ تعاون بڑھانے اور حساس علاقوں میں اہم داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کے نظام کو مزید فعال اور موثر بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔