29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
ایبٹ آباد آپریشن پاکستان کی خود مختاری پرضرب کاری ہے، حامد موسوی
جنگ نیوز -
راولپنڈی…قائد ملت جعفریہ آغا سیدحامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد آپریشن پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری پرضرب کاری ہے ۔ یہ بات انہوں نے ملک حسن غلام کی سرکردگی میں کرم ایجنسی کے 17رکنی نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ،انھوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ 72 گھنٹے گزر جانے کے باوجود قوم کو اند ھیرے میں رکھا جارہا ہے،پاکستان اور عساکر پاکستان کو رسوائی کے گڑھے میں دھکیل دیا گیا ہے ، عالمی استعمار اس کے پٹھو ہنود و یہود پاکستان پر بڑھ بڑھ کر حملے اور ڈو مور کے مطالبے کر رہے ہیں ۔حامدموسوی نے کہا کہ اس وقت جو کچھ ہوا وہ سانحہ 71ء سے کم نہیں ، بد قسمتی سے جب خلافت کو ملوکیت میں تبدیل کیا گیا تو مسلمانوں کے برے دنوں کا آغاز ہو گیا، جب خلافت عثمانیہ کا خاتمہ کیا گیا تو عالمی کفر مسلم ریاستوں پر چڑھ دوڑااوراپنے مفادات کے تحفظ کیلئے اقوام متحدہ کو وجود میں لے آیا، اس ادارے نے ہمیشہ مسلمانوں کیساتھ منافقانہ اور معاندانہ کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں فرنٹ لائن اتحادی کا کردار اداکیا مگر آج پاکستان ہی کو فرنٹ پر رکھ کر اس پر تابڑ توڑ حملے شروع کر کے اس کا انگ انگ زخمی کر دیاگیا ہے ۔قائد ملت جعفریہ آغاسید حامد علی موسوی نے کرم ایجنسی کی تشویشناک صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے پر زور مطالبہ کیا کہ وہ پارا چنار کے راستے کھولنے کیلئے آہنی اقدامات کرے اور وہاں قتل و غارت اور اغواء زنی فوری طور پر بند کروائے۔