29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
ایم کیو ایم کی کابینہ میں شمولیت ،یقین دہانی پر شامل ہو ئے،فاروق ستار
جنگ نیوز -
کراچی…ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور ایم کیو ایم نے وفاقی کابینہ میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔ ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ صدر مملکت اور وزیر اعظم کی یقین دہانیوں کے بعد حکومت کا دوبارہ حصہ بن رہے ہیں۔گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی زیر صدارت وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک اور ایم کیو ایم کے5 رکنی وفد نے گورنر ہاؤس کراچی میں ملاقات کی جس میں ایم کیو ایم کی جانب سے صدر مملکت اور وزیر اعظم کوبیان کئے گئے تحفظات کو عملی جامہ پہنانے پر تبادلہ خیال ہوا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ صدر مملکت اور وزیر اعظم سے ملاقات میں کراچی میں امن و امان، ملکی معاشی صورتحال اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی پر بات چیت ہوئی۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ میں شمولیت کا فیصلہ حکومت کی نہیں بلکہ ملک کی بقا کی خاطر لیا گیا ہے۔ رحمان ملک نے ایم کیو ایم کو وفاقی کابینہ میں واپسی پر خوش آمدید کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کا آڑے وقت میں ساتھ دیا ہے،کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔رحمان ملک کا کہنا تھا کہ آئندہ دو روز میں وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدرات اتحادی جماعتوں اور قانون نافذکرنے والے اداروں کا اجلاس طلب کیا جائے گا، ضرورت پڑی تو کراچی میں امن و امان کے قائم کے لئے آل پارٹیز کانفرنس بھی بلائی جائے گی۔