29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
فاروق بیگ اور لیاقت قریشی شہید کے قاتلوں کوسزا دی جائے ،متحدہ
جنگ نیوز -
کراچی… متحدہ قومی موومنٹ اووسیز کینیڈا کے نگراں عباد الرحمن کی سر براہی میں ایم کیوایم کی کراچی تنظیمی کمیٹی کے رکن فاروق بیگ شہیداور سابق حق پرست رکن سند ھ اسمبلی لیاقت قریشی شہید کی یا د میں گزشتہ روز کینڈا کے آفس میں تعزیتی اجلاس منعقدہوا۔ جس میں کینیڈا کی آرگنائزنگ کمیٹی کے انچارج اقبال قمر واراکین آرگنائز نگ کمیٹی نے شرکت کی اور فاروق بیگ شہید اور لیاقت قریشی شہید کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفا ظ میں مذمت کرتے ہوئے اس واقعہ کو کھلی دہشت گردی قرار دیا۔ذمہ داران نے کہا کہ بعض دہشت گرد عناصر ایم کیوایم کی ملک بھر میں دن بد ن بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ ہوکر ایم کیوایم کے خلاف نت نئی سازشیں کررہے جوکہ قابل مذمت ہیں ۔ا نہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فاروق بیگ شہید او ر لیاقت قریشی شہید کے قاتلوں کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزادی جائے۔بعدازاں اجلاس میں فاروق بیگ شہید اور لیاقت قریشی شہید سمیت حق پرست شہدا کی ارواح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور شہدا کی مغفرت اور ان کے بلنددرجات سمیت قائد تحریک الطاف حسین کی دراز ی عمر کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔دریں اثناء حق پرست ارکان سینیٹ نے مسلح دہشت گردو ں کی فائرنگ سے ایم کیوایم کراچی تنظیمی کمیٹی کے رکن فاروق بیگ اور سابق حق پرست رکن سندھ اسمبلی لیاقت قریشی کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ایم کیوایم کے ذمہ داران ، کارکنان ، ہمدردوں اور سابق و منتخب نمائندوں کے سفاک قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے ۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ بعض سازشی عناصر ایم کیوایم کو ملک بھر میں پھیلنے سے روکنے کیلئے کراچی میں قتل و غارتگری کرکے اپنے مذموم عزائم حاصل کررہے ہیں اور مسلح دہشت گردوں کے ذریعے صرف چار ماہ میں ایم کیوایم کے 100سے زائد رہنماوٴں ،منتخب نمائندوں، کارکنوں اور ہمدردوں کو بے دردی سے شہید کیا جاچکا ہے لیکن افسوس حق پرست شہداء کے قاتل آج بھی قانوں کی گرفت سے محفوظ ہیں ۔ حق پرست ارکان سینیٹ نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم کے رہنماوٴں ،منتخب نمائندوں، کارکنوں اور ہمدردوں کے بہیمانہ قتل کا سختی سے نوٹس لیاجائے ، قتل کے واقعات میں ملوث سفاک دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے ۔