29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
پی پی رہنماء رمضان لاسی ساتھیوں سمیت ایم کیوایم میں شامل
جنگ نیوز -
کراچی…پیپلز پارٹی ملیر کے صدر رمضان لاسی نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ الطاف حسین کی جانب سے ملک بھر کے مظلوم عوام کے حقوق کے حصول کی بلاتفریق جدوجہد سے متاثر ہوکر ایم کیوایم میں شمولیت کا اعلان کیا ہے ۔یہ اعلان انہوں نے گزشتہ روز ایم کیوایم متحدہ آرگنائزنگ کمیٹی ملیر ٹاؤن سیکٹر کے زیر اہتمام منعقدہ کارنر میٹنگ میں کیا ۔اس موقع پر حق پرست رکن سندھ اسمبلی وسیم احمد، ایم کیوایم متحدہ آرگنائزنگ کمیٹی کے انچارج شکیل عباسی ،جوائنٹ انچارجز شیر ولی آفریدی ، اعجاز مرزا اور مرکزی کمیٹی کے رکن ڈاکٹر شیر علی کے علاوہ ملیر ٹاؤن سیکٹر کے ذیلی یونٹوں کے ذمہ داران و کارکنان سمیت پختون ،سرائیکی، اور بلوچ قو میتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد میں موجود تھی ۔کارنرمیٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے رمضان لاسی نے کہاکہ ایم کیو ایم واحد جماعت ہے جو ملک سے جا گیر د ارانہ ،وڈیرانہ اور سرمایہ دارانہ نظام کے خاتمے کیلئے عملی جدوجہد کررہی اور چاہتی ہے کہ ملک کے غریب و مظلوم عوام کو دو فیصد مراعات یافتہ طبقے سے نجات ملے اور ملک میں غریب و متوسط طبقے کی عملاًحکمرانی قائم ہو ۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے ہمیشہ مظلوم عوام کے حقوق کیلئے آواز حق کو بلند کیا ہے اور انکے اس مشن و مقصد کو آگے بڑھانے کیلئے آج ہم ایم کیوایم کے پر چم تلے جمع ہوئے ہیں۔ اس مو قع پر شکیل عباسی نے خطا ب کرتے ہوئے کہاکہ دکھی انسانیت کی خدمت متحدہ قومی موومنٹ کا نصب العین ہے اور اس مشن و مقصد کو لیکر ایم کیوایم آج ملک بھر میں عوام کی بلا امیتاز عملی خدمت کررہی ہے ۔ انہوں نے رمضان لاسی اور ان کے ساتھیوں کی ایم کیوایم شمولیت کا خیرمقدم کیا اورانہیں مبار کباد پیش کی ۔