29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
اسامہ کو پکڑنے کو موقع گنوادیا،معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے ،حقانی
جنگ نیوز -
واشنگٹن ... امریکا میں متعین پاکستانی سفیر حسین حقانی نے کہا ہے کہ پاکستان نے اسامہ بن لادن کو پکڑنے کو موقع گنوادیا،اس معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے اور امید ہے معاملے کی تہہ تک پہنچ جائیں گے۔ایک امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے حسین حقانی نے کہا کہ اسامہ بن لادن کسی پرائیویٹ نیٹ ورک کی مدد کے بغیر پاکستان میں نہیں رہ سکتا تھا، انھوں نے کہا کہ یہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ یہ سب کیسے ہوا ،پاکستانی سفیر نے بتایا کہ حکام کے مطابق معاملے کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اسامہ کے لیے اپنے دل میں نرم گوشہ نہیں رکھتے۔حسین حقانی نے کہا کہ دہشت گردوں کی موجودگی پاکستان کے لیے تشویش کی بات ہے۔پاکستانی اس بارے میں فکرمند ہیں کہ اسامہ نے پاکستان کو کیوں چنا،حسین حقانی کا کہنا تھا کہ یہ فکر مندی کی بات ہے کہ اسامہ خود کو پاکستان میں محفوظ خیال کرتا تھا،معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس کی تہہ تک پہنچیں گے۔ پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ اسامہ کو پاکستان میں رہنے کے لیے کسی سرکاری ادارے کی منظوری حاصل نہیں تھی۔ حسین حقانی نے کہا کہ انھیں دھمکی آمیز فون کالز موصول ہورہی ہیں،ای میلز میں لوگ پوچھ رہے ہیں کہ اس کارروائی میں پاکستان کا کردار کیا تھا اور ناکامی کی بھی نشاندہی کی جارہی ہے۔